آج کے بعد یہاں کسی بھی سیاسی لیڈر یا بیوروکریٹ کے قتل کی ذمہ داری ستیہ پال ملک پر عائد ہوگی: عمر عبداللہ
653
M.U.H
22/07/2019
سری نگر، 22 جولائی:نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ آج کے بعد اگر یہاں کسی سیاسی لیڈر یا بیوروکریٹ کو مارا گیا تو اس کی ذمہ داری گورنر ستیہ پال ملک پر عائد ہوگی۔
بتادیں کہ جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے اتوار کے روز کرگل میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران 'کرپشن' کو ریاست کی سب سے بڑی بیماری قرار دیتے ہوئے کشمیری جنگجووں سے کہا کہ وہ اپنے لوگوں کو مارنے کے بجائے ان لوگوں کو ماریں جنہوں نے پورے کشمیر کی دولت لوٹی ہے۔
عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں موصوف گورنر کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: 'جموں کشمیر میں آج کے بعد کوئی بھی قومی دھارے کا سیاسی لیڈر یا بیوروکریٹ مارا گیا تو وہ ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کے احکامات پر قتل ہوگا'۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں عمر عبداللہ نے کہا: 'یہ شخص جو ایک ذمہ دار آدمی ہے اور آئینی عہدے پر فائز ہے جنگجوؤں سے کہتا ہے کہ بد عنوان سمجھے جانے والے سیاسی لیڈروں کو قتل کرو، غیر قانونی ہلاکتوں اور کنگارو عدالتوں کو منظوری دینے سے قبل اس آدمی کو دلی میں اپنی ساکھ اور وقار کے بارے میں معلوم کرنا چاہئے'۔