ویٹیکن سٹی اور مکہ کی طرح رام مندر کو بھی اہم تیرتھ استھان بنایا جائے: رام دیو
356
M.U.H
16/11/2019
اڈوپی ، 16 نومبر:یوگا گورو بابا رام دیو نے رام جنم بھومی- بابری مسجد متنازع معاملے میں حالیہ سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جیسے عیسائیوں کے لئے ویٹیکن سٹی، مسلمانوں کے لئے مکہ ہے ،ویسے ہی ہندوؤں کے لئے ایودھیا میں رام مندر کو ایک اہم تیرتھ استھان کے طور پر بنایا جانا چاہئے۔
بابا رام دیو نے جمعہ کی شب یہاں نامہ نگاروں سے کہا’’ وشویشا تیرتھ سوامی جی اور کئی دوسرے ہندو رہنماؤں کا خواب ہے کہ ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر بننا چاہئے ۔
عدالت عظمی نے ایک ٹرسٹ قائم کرنے اور مندر کی تعمیر کے لئے مرکزی حکومت کو سینئر سوامیوں اور ہندو رہنماؤں کو اس میں شامل کرنے کی ہدایت دی ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا’’ایودھیا میں ہندو مذہب کی ویدک روایت کے لئے ایک یادگار بننی چاہئے ۔ بھگوان رام نہ صرف ہندوؤں کے’ پُروج ‘ ہیں بلکہ مسلمانوں کے بھی ہیں ‘‘۔ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں کو رام مندر اور مسجد بنانے کے لئے ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے ۔یوگا گورو نے ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کے لئے پانچ ایکڑ زمین فراہم کرنے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا’’ہندوؤں کو مسجد کی تعمیر میں تعاون کرنا چاہئے‘‘۔انہوں نے کہا’’ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر رام نومي کے دن سے شروع ہونی چاہیے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو مندر تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھنا چاہیے‘‘ ۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے غیر مطمئن آل انڈیا اتحاد مسلمین کے صدر اسد الدین اویسی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے بابا رام دیو نے کہا’’اویسی کی ہمیشہ منفی سوچ رہی ہے اور وہ نفرت سے بھرے ہوئے ہیں ۔ وہ ہندو اور مسلمانوں کے درمیان جھگڑا پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں لیکن ہماری ترجیح امن اور اتحاد برقرار رکھنے کی ہے۔