نئی دہلی، 16 نومبر:کانگریس نے کہا ہے کہ ملک کی خستہ حال معیشت اور کسانوں کی بد حالی جیسے مسائل پر مودی حکومت کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں منعقد احتجاجی مظاہروں کے بعد اب 30 نومبر کو دہلی میں ’بھارت بچاؤ‘ ریلی کا انعقاد کرےگی۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نےہفتے کے روز یہاں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی نے ملک کے تمام حصوں میں مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلا ف تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اب تک تقریباً 60 فیصد حصوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا چکے ہیں۔
کانگریس کے رہنماؤں نےکہا کہ جن علاقوں میں ابھی احتجاجی مظاہرے منعقد نہیں ہوئے ہیں اور عوام کو اس سے مربوط نہیں کیا گیا وہاں کانگریس کے رہنما اور انچارج سے کہا گیا ہے کہ وہ 25 نومبر تک احتجاجی مظاہرے کا پروگرام اور ریلی کا انعقاد کریں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے جنرل سکریٹریوں، انچارج، حلیف تنظیموں، ریاستی صدور اور کانگریس کے اراکین اسمبلی پارٹی کے لیڈروں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 30 نومبر کو ’بھارت بچاؤ‘ ریلی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 30 نومبرکے بعد بھی یہ تحریک جاری رہے گی۔ یہ بےحد تکلیف دہ صورتحال ہے کہ اس حکومت کی غلط پالیسیوں نے ملک کو بد حالی میں ڈھکیل دیا ہے۔ یہ تحریک مسلسل جاری رہے گی اور پیر سے ہونے والے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں بھی ان مسائل کو اٹھایا جائے گا۔