جامعہ ملیہ میں تشدد کی تحقیقات ختم این ایچ آر سی رپورٹ کا انتظار
419
M.U.H
21/02/2020
نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ میں پولیس کارروائی کی تحقیقات کرنے والی این ایچ آر سی ٹیم نے اپنا کام مکمل کرلیا ہے لیکن اس کی رپورٹ کمیشن کے چیرمین کو ابھی پیش نہیں کی گئی ہے۔
ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) کی سات رکنی ٹیم کو یونیورسٹی کیمپس میں پولیس کے داخلہ کے بعد اس کی مبینہ زیادتیوں کی تحقیقات کے لئے مقرر کیا گیا تھا۔ اس ٹیم نے 94 اسٹوڈنٹس کے علاوہ ٹیچروں ، چیف پراکٹر ، لائبریرین اور لائبریری کے اسٹاف کے حلفیہ بیانات قلمبند کئے ۔ پولیس پر الزام ہے کہ اس نے لائبریری میں گھس کر اسٹوڈنٹس کو لاٹھی چارج کا نشانہ بنایا ۔ این ایچ آر سی چیرمین جسٹس (ریٹائرڈ) ایچ ایل دتو نے کہا کہ انہوں نے تحقیقات مکمل کرلی ہے ۔ رپورٹ وصول ہونا باقی ہے۔ ہم نے رپورٹ کی پیشکشی کیلئے کوئی مہلت مقرر نہیں کی ہے۔ رپورٹ کو قطعیت دینے کیلئے کافی وقت لگتا ہے۔