یوپی میں جنتا کرفیوں کا وسیع اثر، کورونا کے معاملات کی تعداد 28 ہو گئی
557
M.U.H
22/03/2020
لکھنو: جنتاکرفیو کی حمایت میں یوپی ملک بھر کے ساتھ شامل ہوگیا ہے تاکہ کورونا وائرس کو روکا جاسکے تاہم کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 19سے بڑھ کر 28 ہوگئی ہے کیونکہ ہفتہ کی شام دو نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔
گوتم بدھ نگر کے سی ایم او انوراگ بھارگو نے تصدیق کی ہے کہ 31سالہ گریٹرنوئیڈا کا شخص کورونا وائرس سے مثبت پایا گیا۔ وہ حال ہی میں دبئی سے واپس ہوا تھا۔
کورونا وائرس کے پہلے معاملہ کا پتہ وارنسی سے چلا تھا۔وارنسی کے ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کہا کہ ایک 30سالہ شخص جس کا تعلق وارنسی سے ہے، بنارس ہندو یونیورسٹی میں کورونا وائرس سے مثبت پایا گیا۔
وہ 17 مارچ کو دبئی سے دہلی آیا تھا اور بذریعہ ٹرین 18مارچ کو وارنسی گیا تھا۔ اسی دوران مؤ سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع انتظامیہ نے مقامی 48 مسافرین کی تلاش شروع کردی ہے جنہوں نے جبل پور جانے والے ایک مسافر کے اس وائرس سے مثبت پائے جانے کے بعد اس گودان ایکسپریس میں سفر کیا تھا۔
ڈی ایم مؤ گیا ن پرکاش تریپاٹھی نے کہا کہ تاحال ان افراد سے رابطہ نہیں ہوپایا ہے۔صرف 20افراد سے ہی رابطہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ 14دنوں تک گھروں میں ہی محدود رہیں۔
اسی دوران مرادآباد کی ایک لڑکی جو کرونا وائرس سے متاثر پائی گئی کی شناخت یوپی کے وزیر چیتن چوہان کی پوتی کے طور پرکی گئی ہے جو حال ہی میں فرانس سے واپس ہوئی تھی۔ دوسری طرف عہدیداروں نے کہا کہ ریاست میں جملہ 28 افراد کے اس وائرس سے مثبت پائے گئے جن میں 8 آگرہ، 2 غازی آباد، سات نوائیڈا اور 8 لکھنو کے ہیں جبکہ لکھیم پور۔کھیرا، مرادآباد اور وارنسی کا ایک ایک شخص شامل ہے۔