نہرو-گاندھی خاندان نے کبھی بھی وزیراعظم دفتر کااحترام نہیں کیا:نڈا
498
M.U.H
27/10/2020
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کانگریس اور گاندھی خاندان کی تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پنجاب میں راہل گاندھی کی ہدایت میں نریندر مودی کا پتلا جلانے کا ڈرامہ شرمناک ہے مسٹر نڈا نے جمعہ کو سلسلہ وار ٹویٹ کرکے کہا کہ''ایسا ڈرامہ غیرمتوقع نہیں ہے کیونکہ نہروگاندھی خاندان نے کبھی بھی پی ایم او کا احترام نہیں کیا ہے۔سال 2004 سے 2014 تک متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کے دوراقتدارکے دوران وزیراعظم کے اختیارات کو ادارہ جاتی طورپر کمزور کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ ''مایوسی اور بے شرمی کا مجموعہ خطرناک ہے۔کانگریس کے پاس دونوں ہے۔جہاں پارٹی میں راہل گاندھی نفرت، غصہ، جھوٹ اورجارحیت کی سیاست دکھاتے ہیں وہیں ان کی ماں سونیا گاندھی شائستگی اور جمہوریت کی صرف بیان بازی کرکے اس کی تکمیل کرتی ہیں۔یہ کانگریس پارٹی کے دوئم درجے کو ظاہرکرتا ہے۔
مسٹر نڈا نے کہا''اگر کوئی پارٹی نفرت کی اہل ہے تو وہ کانگریس ہے۔راجستھان میں شیڈول ذات اور قبائل پرظلم سب سے زیادہ ہے۔کانگریس کی زیرحکمرانی ریاست راجستھان اور پنجاب میں خواتین سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں۔پنجاب کے وزیر اسکالر شپ گھپلہ کررہے ہیں۔''
انہوں نے کہا کہ'' اظہار رائے کی آزادی کے نام پرکانگریس کبھی بھی دوسروں پردباو نہیں بناسکتی۔کانگریس کا دوسروں کی آواز دبانے کی دہائیوں سے تاریخ رہی ہے۔اسے ہم نے ایمرجنسی کے دوران بھی دیکھا۔اس کے بعد راجیو گاندھی کی حکومت میں پریس کی آزادی کو کمزورکرنے کی کوشش کی گئی۔آزاد میڈیا کانگریس کو چبھتی ہے۔
مسٹر نڈا نے کہا کہ''اگرکوئی سفاکانہ ریاستی طاقت کے استعمال کی لیبارٹری کو دیکھنا چاہتا ہے تو وہ کانگریس کی آشروادوالی مہاراشٹر حکومت کو دیکھے، جہاں اپوزیشن کو پریشان کیا جارہا ہے۔کانگریس کے انداز میں لوگوں کے بولنے کی آزادی پر لگام لگائی جارہی ہے۔حکمرانی کو چھوڑ کر مہاراشٹر حکومت سب کچھ کررہی ہے۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ''اس خاندان کو ایک شخص سے زیادہ نفرت ہے جو غربت میں پیداہوا اور ملک کا وزیراعظم بنا۔لیکن جتنی نفرت اس خاندان کو ہے اتنا ہی پیار ملک کے عوام نے وزیراعظم کو دیا ہے۔کانگریس کے جھوٹ اور نفرت میں جتنا اضافہ ہوگا، اتنا ہی لوگ وزیراعظم مودی کی حمایت کریں گے۔