سندھو بارڈر پر کسانوں نے شوٹر کو پکڑا، یومیہ جمہوریہ کے موقعے پر واردات کو انجام دینے کی فراق میں تھا مشتبہ
497
M.U.H
23/01/2021
ہریانہ سندھو بارڈر پر بیٹھے کسانوں نے سنسنی خیز دعویٰ میں کہا کہ سندھو بارڈر پر جمعہ کی رات کسانوں نے ایک مشبتہ شوٹر کو پکڑا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس مبینہ شوٹر نے دہلی پولیس پر سنگین الزامات لگائے ۔
اس کا کہنا ہے کہ 26 جنوری کو کچھ غلط ہونے پرسٹیج پر بیٹھے 4 کسان لیڈروں کو گولی مارنے کا اس کو حکم دیا گیا تھا ۔
پکڑے گئے شوٹر نے دعویٰ کیا کہ 26 جنوری کو کسان ٹریکٹر ریلی میں وہ گولی چلاکر ماحول خراب کرنے کی سازش رچنے والا تھا ۔ کسانوں نے جس مشتبہ کو پکڑا ہے اس نے بتایا کہ 23 سے 26 جنوری کے درمیان کسان لیڈروں کو گولی ماری جانی تھی اور خواتین کا کام لوگوں کو بھڑکانا تھا ۔
شوٹر نے اعتراف کیا کہ اس نے جاٹ آندولن میں بھی ماحول بگاڑنے کا کام کیا ہے ۔
مشتبہ شخص کے مطابق مظاہرہ کررہے کسان ہتھیار لے کر جارہے ہیں یا نہیں ، یہ پتہ لگانے کیلئے 2 ٹیموں کی تشکیل دی گئی ہے ۔ مشتبہ شوٹر نے بتایا کہ 26 تاریخ کو جب 4 کسان لیڈرسٹیج پر بیٹھے ہوتے تو اس وقت انہیں گولی مارنے کا حکم دیا گیا تھا ۔ اس کیلئے شوٹر کو 4 لوگوں کی تصویریں بھی دی گئی تھیں ۔
شوٹر کا کہنا تھا کہ وہ 19 جنوری سے سندھو بارڈر پر ہے ۔ اس نے بتایا کہ جب 26 جنوری کو کسان ٹریکٹر ریلی نکالتے تو وہ کسانوں کے ساتھ ہی مل جاتا ۔ اگر مظاہرین پریڈ کے ساتھ نکلتے تو ہمیں ان پر فائرنگ کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔
سندھو بارڈر پر پکڑے گئے شوٹر کو کرائم برانچ کے دفتر لے جایا گیا ہے ۔ پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ ملزم کا نام یوگیش ہے اور وہ سونی پت کے نیوجیون نگر کا رہنے والا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم نویں فیل ہے اور فی الحال اس کا ابھی تک کوئی مجرمانہ ریکارڈ درج نہیں ہے ۔