آرٹیکل 370 کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی: محبوبہ مفتی
533
M.U.H
14/04/2021
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی)کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کوکشمیر سمیت تمام زیر التوا امور کو حل کرنے کے لئے مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ مفتی نے یہاں ایک پارٹی تقریب میں کہا کہ ہم جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے .ہم اس کو ختم کرنے کے آپ(حکومت) کے فیصلے کو قبول نہیں کرتے ہیں۔
حکومت کو تکلیف کیوں ہو تی ہے؟ محبوبہ
ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہندوستان کے آئین نے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دی تھی ۔ یہ حیثیت چین یا پاکستان نے نہیں دی تھی ۔ جب ہم اسے بحال کرنے کی بات کرتے ہیں تو حکومت کو تکلیف کیوں ہوتی ہے؟ ہم خصوصی شرائط پر ہندوستان میں شامل ہوئے اور ان میں سے ایک اپنی شناخت کی حفاظت کرنا تھا۔ پی ڈی پی کے سربراہ نے کہا کہ مرکز کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جموں و کشمیر کے عوام کی پرواہ کرتے ہیں تو آپ نے جو کچھ ہم سے چھین لیا ہے وہ ہمیں واپس کرنا پڑے گا۔
ہندوستان اور پاکستان کو بات کرنی ہوگی : محبوبہ
ساتھ ہی مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر سمیت تمام زیر التوا معاملات کو حل کرنے کے لئے ہندوستان اور پاکستان کو بات چیت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک خطے میں امن چاہتے ہیں تو ، انہیں تمام زیر التوا معاملات کو حل کرنے کے لئے مل بیٹھ کر کام کرنا پڑے گا۔ سابق وزیراعلی نے کہا کہ جنوبی ایشین علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) سربراہی کانفرنس کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین معاملات حل ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان جائیں گے .... کیوں کہ(سابق وزیر اعظم) اٹل بہاری واجپئی نے کہا تھا کہ ہم بدل سکتے ہیں ، لیکن پڑوسی نہیں۔