سلامتی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے باوجود، غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری
61
M.U.H
26/03/2024
دیرالبلح میں جارح اسرائیلی فوج کی بمباری میں بائیس افراد کی شہادت کے علاوہ چھ اور فلسطینی جنوبی غزہ کے شمالی خان یونس میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہوگئے- فلسطین کی ہلال احمر نے اعلان کیا ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے شہر خان یونس میں الامل اسپتال اور ہلال احمر سوسائٹی کو محاصرے میں لے کر ان کے راستے بند کردیئے ہیں۔
غاصب صیہونی فوج نے رفح کے بھی رہائشی علاقے میں ایک عمارت پر حملے کرکے کم از کم پندرہ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں بچے بھی شامل ہيں۔ دوسری جانب الجزیرہ چینل کے مطابق خان یونس کے عبسان علاقے میں غاصب فوجیوں کے حملے کے بعد متعدد زخمیوں کو غزہ کے یورپین اسپتال میں منتقل کیا گيا ہے اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں الشفا اسپتال میں پھنسے ہوئے فلسطینی جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں صیہونی حکومت کے ذریعے کئے گئے آٹھ روز سے محاصرے کے خاتمے کے منتظر ہیں اور وہ وہاں سے نکلنے اور بغیر آب و غذا کے ہی صیہونی فوج کے حملوں سے خود کو بچانے میں کوشاں ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ غزہ کے باشندوں کے خلاف جارح صیہونی فوج کے ایک سو ستر دنوں سے جاری پے در پے حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بتیس ہزار دو سو چھبیس اور اس مدت میں زخمیوں کی تعداد چوہتر ہزار پانچ سو اٹھارہ ہوگئی ہے۔