لداخ:بھوک ہڑتال پر بیٹھے سونم وانگچک نے پی ایم مودی کو اپنا وعدہ یاد دلایا
61
M.U.H
26/03/2024
جموں:لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور اسے آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے معروف سماجی کارکن سونم وانگچک نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سے تازہ اپیل کی کہ وہ لداخ کے لوگوں سے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ ایکس پر شیئر کیے گئے ویڈیو پیغام میں ونگچک نے لداخ کے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بار قوم کے مفاد میں اپنا حق رائے دہی بہت احتیاط سے استعمال کریں۔ ایک مشہورتعلیمی اصلاح پسند، وانگچک 6 مارچ سے منفی درجہ حرارت میں بھوک ہڑتال پر ہیں، لیہہ میں قائم ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے مشترکہ نمائندوں کے درمیان بات چیت کے ایک دن بعد، سونم نے احتجاج کے طور پر بھوک ہڑتال شروع کی۔
لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور اسے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے ۔ چھٹے شیڈول میں آسام، میگھالیہ، تریپورہ اور میزورم کے قبائلی علاقوں کی خود مختار ضلع کونسلوں کے ذریعے انتظامیہ سے متعلق دفعات شامل ہیں۔سونم ونگچک کا دیگر لوگوں کے ساتھ آج شام کو بھوک ہڑتال ختم ہونے کا امکان ہے کیونکہ لیہہ میں قائم ایپیکس باڈی اور کے ڈی اے بدھ کو مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ وزیر اعظم کو بی جے پی کے اپنے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدوں کی یاد دلاتے ہوئے، وانگچک نے کہا کہ مودی بھگوان رام کے بھکت ہیں اور انہیں ان کی ''پران جائے پر بچن نہ جائے'' کی تعلیم پر عمل کرنا چاہیے۔ جبکہ ہندوستان جمہوریت کی ماں ہے، ہم شہریوں کے پاس بہت خاص طاقت ہے۔ ہم کنگ میکر ہیں، ہم حکومت کو اپنے طریقے بدلنے پر مجبور کر سکتے ہیں یا حکومت بدل سکتے ہیں اگر یہ کام نہیں کرتا ہے۔ آئیے ہم اس بار قوم کے مفاد میں اپنی بیلٹ پاور کو بہت احتیاط سے استعمال کرنا یاد رکھیں۔