رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ امام خمینیؒ کی توہین ناقابل برداشت :مجلس علمائے ہند
15
M.U.H
27/04/2024
علماء نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کتاب کی تقسیم کو فوراً بندکیاجائے اور جہاں جہاں کتاب پہونچی ہے اسے واپس لیاجائے
لکھنؤ۲۷ اپریل: رہبر انقلاب اسلامی ،فقیہ اعظم اور مکتب امامیہ کے عظیم رہنما آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ خمینی طاب ثراہ کے بارے میں NCERT کی چھٹی کلاس کی کتاب میں شائع غلط اور اہانت آمیز الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند نے پرنٹر ،پبلشر اور مرتب کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔علماء نے کہاکہ پرنٹر اور پبلشر نے اس سلسلے میں معذرتی بیان جاری کیاہے اور یہ بھی معلوم ہواہے کہ امام خمینی کے متعلق جو الفاظ شائع کئے گئے تھے ان کو ہٹادیاگیاہے ،لیکن یہ کافی نہیں ہے ۔انہیں چاہیے کہ اس کتاب کی تقسیم بندکرکے جہاں جہاں یہ کتاب پہونچی ہے ،فوراً اس کی کاپیوں کو واپس لیاجائے اور امام خمینیؒ کی شخصیت کو ان کے شایان شان نصاب میں شامل کیاجائے۔
مجلس علمائے ہند کے اراکین نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ جس ادارہ نے نصابی کتاب کو شائع کیاہے اور جس نے اس کو مرتب کیاہے دونوں مجرم ہیں ۔انہیں چاہیے تھاکہ پہلے امام خمینیؒ کی حیات طیبہ اور انقلاب کی فکری بنیادوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ۔امام خمینیؒ نے کبھی اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب کے خلاف کوئی بات نہیں کی اور نہ غیر مسلموں کے قتل یا اہانت کے متعلق کوئی بیان دیا۔انہوں نے شاہ ایران اور استعماری طاقتوں کے ظلم اور آمرانہ نظام کے خلاف تحریک شروع کی تھی ،جس میں علمااورعوام ان کے ساتھ تھے اور بے شمار قربانیاں پیش کرکے انقلاب کو کامیاب بنایا۔علماء نے کہاکہ ایران اور ہندوستان کے رشتے ہمیشہ دوستانہ اور خوشگوار رہے ہیں ۔امام خمینیؒ کے انتقال کے بعد ہندوستان میں سوگ کا اعلان کیا گیاتھا،اس سے ظاہر ہوتاہے کہ امام خمینیؒ کی شخصیت ہمہ گیر تھی ۔وہ فقط سیاسی رہنما نہیں تھے بلکہ مذہبی رہبر بھی تھے جن کے علم و فضل اور سیاسی نظریے کا اعتراف پوری دنیا کی شخصیات نے کیاہے ۔
علماء نے کہاکہ ایران میں آج بھی پارسیوں کی بڑی تعداد موجودہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ انقلاب اسلامی ایران کے بعد غیر مسلموں کے ساتھ کوئی ناروا سلوک نہیں کیا گیا۔مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی نے کہاکہ اس نصابی کتاب کے پبلشر اور پرنٹر کو چاہیے کہ وہ اس کتاب کی تقسیم کو فوراً بند کریں اور جو کتابیں بازار اور اسکولوں تک پہونچ چکی ہیں انہیں واپس لیاجائے۔نیز اس کی اصلاح کرکے دوبارہ کتاب کو بازار میں بھیجاجائے تاکہ طلباء امام خمینی کی شخصیت کے بارے میں گمراہی کا شکار نہ ہوں ۔مولانانے کہاکہ امام خمینیؒ نے ہمیشہ مظلوموں ،مستضعفین اور انسانیت کے لئے کام کیا۔مولانانے کہاکہ اس کتاب میں ان شخصیات کو ظالم اور آمر کہاگیاہے جو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف تھے ۔آخر دنیا کے بڑے ظالموں کو اس فہرست میں شامل کیوں نہیں کیا گیاجس میں نتن یاہو اور بائیڈن کو سب سے پہلے ہونا چاہیے ۔غزہ میں نتن یاہو نے بے گناہ اور معصوم بچوں ،عورتوں اور جوانوں کا بے دریغ قتل عام کیاہے اس کو شامل کیا جاناچاہیےتھا؟دوسرے اسرائیل جس کی مدد سے یہ نسل کشی کررہاہے اس کو بھی شامل کرناچاہیے جس میں امریکی صدر جوبائیڈن پیش پیش ہیں ۔
مجلس علمائے ہند کے اراکین میں مولانا حسین مہدی حسینی ممبئی ،مولانا محمد علی محسن تقوی دہلی،مولانا سید کلب جوادنقوی،مولانا تقی حیدر نقوی دہلی،مولانا عابد عباس مظفر نگری،مولانا رضا حسین رضوی،مولانا تسنیم مہدی زید پوری،مولانا تقی آغا حیدرآباد،مولانا نثار احمد زین پوری،مولانا صفدر حسین جونپوری،مولانا کرامت حسین جعفری کشمیر،مولانا غلام مہدی خان چنئی،مولانا اظہر علی عابدی علی پور،مولانا رضا حیدر زیدی ،مولانا سرتاج حیدر زیدی ،مولانا احمد رضا چنئی ،مولانا امانت حسین بہار،اور دیگر علماء شامل ہیں ۔