پرجول ریونا کے خلاف کی جائے سخت کارروائی، راہل گاندھی کا سدھارمیا کو خط
48
M.U.H
04/05/2024
نئی دہلی: راہل گاندھی نے جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا سیکس ٹیپ کیس پر سخت ردعمل دیا ہے۔ راہل گاندھی نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا کو خط لکھ کر متاثرین کی ہر ممکن مدد کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی نے پی ایم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا۔
سدارامیا کو لکھے گئے خط میں راہل گاندھی نے پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے پرجول کو اجتماعی عصمت دری کرنے والا قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ امت شاہ، دسمبر سے اس پورے معاملے سے واقف تھے۔ اس کے بعد بھی پی ایم نے پرجول کے لیے مہم چلائی اور بعد میں اسے ملک سے فرار ہونے میں مدد دی۔ راہل نے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کے متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
راہل نے خط میں لکھا ہے کہ اس نے (پرجول) سیکڑوں ماؤں بہنوں کی عصمت دری کی اور ان کی زندگیاں برباد کیں۔ میں یہ سن کر حیران رہ گیا کہ دیوراج گوڑا نے وزیر داخلہ امت شاہ کو دسمبر 2023 میں پراجول واقعہ کے بارے میں بتایا تھا۔ اس سے بھی افسوسناک بات یہ ہے کہ یہ سب جانتے ہوئے بھی پی ایم مودی نے ان کے لیے مہم چلائی۔ پی ایم مودی نے اجتماعی عصمت دری کرنے والے کے لئے مہم چلائی۔
راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہریانہ میں خواتین پہلوانوں کے جنسی استحصال سے لے کر منی پور تک اس حکومت میں ہماری بہنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میں نے یہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ اگرچہ میں جانتا ہوں کہ آپ نے ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے اور آپ نے وزیر اعظم سے پراجول کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کرنے کے لیے کہا ہے، لیکن یہ کانگریس پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ متاثرین کے لئے لڑے اور وزیر اعلیٰ اس معاملے میں متاثرین کی ممکنہ مدد کریں۔