میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی سے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ضمیر کی سفیر کا اعزاز واپس لے لیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سربراہ کومی نائیڈو نے میانمار کی رہنماآنگ سان سوچی سے ضمیر کی سفیر کا اعزاز واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ آنگ سان سوچی روہنگیا مسلمانوں پر مظالم رکوانے میں ناکام رہی ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سربراہ نے کہا کہ آنگ سان سوچی امید، حوصلے اور انسانی حقوق کی علمبردار نہیں رہیں، اس لئے ان کو دو ہزار نو میں دیا گیا ضمیر کی سفیر کا ایوارڈ واپس لیا جا رہا ہے۔اس سے قبل آنگ سان سوچی کی اعزازی کینیڈین شہریت بھی منسوخ کی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ آنگ سان سوچی کو ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے پندرہ سالہ گھر میں نظر بندی کے دوران ضمیر کی سفیر کا ایوارڈ دیا گیا تھا تاہم سوچی کو روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کو نظر انداز کرنے اور خاطر خواہ حل پیش نہ کرنے پر یہ اعزاز واپس لے لیا گیا۔