ہندوستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گذشتہ روز ہوئے شدید کار دھماکے کی سخت مذمت کی۔ اس حملے میں ایک ہندوستانی شہری سمیت کئی افراد کی موت ہو گئی۔
وزارت خارجہ نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کابل میں ہوئے بے رحمانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ہم حملے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان اس حملے کے ذمہ دار جنگجوؤں کو اور انھیں پناہ دینے والوں کو قانونی گرفت میں لائے جانے کی گذارش کرتا ہے۔
بیان کے مطابق کابل میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ ہندوستانی شہری کی لاش کو ہندوستان بھیجے جانے کا انتظام کر رہا ہے۔
کابل میں پیر کی شام دھماکہ خیز مادوں سے بھری کار میں دھماکہ ہونے سے چار افراد کی موت ہو گئی اور 23 بچوں سمیت 90 سے زیادہ دیگر زخمی ہو گئے۔ شہر کے مشرقی علاقے میں ایک مصروف راستے کے قریب واقع گرین گاؤں کو نشانہ بنا کر اس دھماکے کو انجام دیا گیا تھا، جس علاقے میں کچھ غیر ملکی اہلکار بھی رہتے ہیں۔