عالمی فوجداری عدالت (ICC) کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کے وزیراعظم نیتن یاہو و سابق صہیونی وزیر جنگ یوایو گیلنٹ کے حتمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ جوزپ بورل نے اعلان کیا ہے کہ نیتن یاہو اور یوایوگیلنٹ کے خلاف عالمی عدالت کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری لازم الاجراء ہیں اور تمام ممالک ان پر عملدرآمد کریں! جوزپ بورل نے مزید کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کا فیصلہ سیاسی نہیں اور اس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر عدالت کا نفاذ ہے۔
واضح رہے کہ عالمی عدالت کی جانب سے، غاصب صیہونی وزیراعظم کی ممکنہ گرفتاری پر نظر ثانی سے متعلق اسرائیلی درخواست کو یکسر مسترد اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ نیتن یاہو اور یوایو گیلنٹ نے نہ صرف عام فلسطینی شہریوں کے خلاف حملوں کی براہ راست نگرانی کی ہے بلکہ ان کے خلاف بھوک کو بھی بطور ہتھیار استعمال کیا ہے۔