ایکناتھ شندے کا بی جے پی کو پیغام- ’زیادہ نشستیں وزیر اعلیٰ کا حق نہیں، فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی‘
17
M.U.H
23/11/2024
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مہایوتی اتحاد بڑی جیت کی طرف گامزن ہے اور 200 سے زیادہ سیٹوں پر ووٹوں کی گنتی میں آگے چل رہا ہے۔ اس دوران شیو سینا کے سربراہ اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'لینڈ سلائڈ فتح' ہم لوگوں کو ملی ہے۔ مہایوتی کے کام پر اکثریت ملی ہے۔ بڑی اکثریت ملی ہے۔
اس موقع پر شندے نے وزیر اعلیٰ کے عہدے پر بھی بیان دیا۔ انہوں نے کہا کہ آخری اعداد و شمار آنے کے بعد تینوں پارٹی مل کر طے کریں گی۔ ہم لوگ بیٹھ کر وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سیٹ جیتنے کا مطلب وزیر اعلیٰ نہیں ہے۔
انتخابات میں ملی بری کامیابی پر وزیر اعلیٰ شندے نے ریاست کے تمام ووٹروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا میں لڑکی بہن، کسان، بھائی اور سینئر شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شندے نے کہا کہ مہایوتی کے کام کے اوپر عوام نے مہر لگا دی ہے۔ اس لیے عوام نے ہم پر بھروسہ کیا ہے۔ مہایوتی کے تمام کارکنان کا شکریہ۔ ٹھاکرے کنبہ کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، وہ صرف الزامات کی سیاست کرتے ہیں۔
دوسری طرف مہایوتی اتحاد کے کئی امیدواروں کی نزدیک آتی جیت کو لے کر ان کے کنبہ کے اراکین کے رد عمل بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر میں مہایوتی کی حکومت بننے کا امکان نظر آتے ہی نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی رہنما دیوندر فڑنویس کی والدہ سریتا فڑنویس کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا "۔۔۔۔یہ ایک بڑا دن ہے کیونکہ میرا بیٹا ریاست میں ایک بڑا رہنما بن گیا ہے۔ وہ 24 گھنٹے ساتوں دن سخت محنت کر رہے تھے، بیشک وہ وزیر اعلیٰ بنیں گے۔"