نئی دہلی،واشنگٹن:امریکہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گرد حملہ کرنے والے گروپ دی ریزسٹنس فرنٹ کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم اور خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری TRF نے قبول کی تھی، جس میں 26 شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا: آج امریکی محکمہ خارجہ 'دی ریزسٹنس فرنٹ' کو نامزد غیر ملکی دہشت گرد تنظیم اور خصوصی طور پر نامزد عالمی دہشت گرد کے طور پر فہرست میں شامل کر رہا ہے۔ یہ گروہ درحقیقت لشکرِ طیبہ (LeT) کا نقاب اور پراکسی ہے، جو کئی مہلک حملوں میں ملوث رہا ہے۔
امریکی اقدام کا مقصد TRF کی مالیاتی معاونت، بین الاقوامی روابط اور سرگرمیوں کو محدود کرنا ہے تاکہ مستقبل میں اس جیسے حملوں کی روک تھام کی جا سکے۔ یاد رہے کہ TRF کو ہندوستانی حکام پہلے ہی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں اور اس کے خلاف متعدد کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ امریکہ کی طرف سے اسے عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد اب اس پر عالمی سطح پر مزید پابندیاں عائد ہونے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے امریکہ کی جانب سے پہلگام دہشت گرد حملے کے ذمہ دار تنظیم ٹی آر ایف کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا:ہندوستان اور امریکہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی میں تعاون کی ایک مضبوط توثیق۔ لشکر طیبہ کی نقاب پوش تنظیم ‘دی ریزسٹنس فرنٹ’ (TRF) کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (FTO) اور عالمی دہشت گرد تنظیم (SDGT) قرار دینے پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور امریکی محکمہ خارجہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسی تنظیم نے 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعرات کو TRF کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملہ 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد ہندوستان میں شہریوں پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی امریکہ کی قومی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی کے عزم اور ہندوستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ TRF (دی ریزسٹنس فرنٹ) نے ہی پہلگام حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ہندوستان کی قومی تفتیشی ایجنسی (NIA) کے مطابق TRF کے سرغنہ شیخ سجاد گل کو اس حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے۔ TRF، پاکستان کے دہشت گرد گروہ لشکرِ طیبہ کی ایک پروکسی ونگ (نقاب پوش شاخ) ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
ٹی آر ایف کی حکمت عملی میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہے۔ خاص طور پر، وہ غیر کشمیری شہریوں کو نشانہ بناتی رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کسی تنظیم کی سرگرمیوں کے پیش نظر اُسے غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (FTO) قرار دیتا ہے، جس کے بعد اُس تنظیم کی مالی معاونت پر پابندی عائد ہو جاتی ہے۔
اب کوئی بھی فرد یا ادارہ TRF کو چندہ یا کسی قسم کی مدد فراہم نہیں کر سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکہ دیگر ممالک سے بھی ایسی تنظیم کے خلاف کارروائی کی اپیل کرتا ہے۔ جس تنظیم کو FTO قرار دیا جاتا ہے، وہ 30 دن کے اندر امریکی عدالت میں اپیل کر سکتی ہے۔ امریکی حکومت ہر دو سال بعد FTO فہرست کا جائزہ بھی لیتی ہے۔