راجستھان میں غنڈوں کو اب کسی کا ڈر نہیں: اشوک گہلوت
7
M.U.H
12/11/2025
جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے چتوڑ گڑھ میں بی جے پی لیڈر کے قتل کے بعد ریاست کے نظم ونسق کی صورتحال پر سنگین سوال کھڑے کئے ہیں۔ ریاستی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چتور گڑھ میں بی جے پی لیڈر رمیش انانی کا قتل ریاست میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور جنگل راج کا اشارہ ہے۔
سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے الزام لگائے کہ ایسا کوئی دن نہیں جارہا جب راجستھان میں گھنا ؤنے قتل کی خبریں نہ آئیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر لکھا کہ راجستھان میں دن دہاڑے گولی چلانا اب ریاست کے معمول میں شامل ہوچکا ہے۔ غنڈوں کو اب کسی کا ڈرنہیں رہا۔ اشرافیہ سے لے کر عام آدمی تک بی جے پی کے اس راج میں سب نشانے پر ہیں اور سب غیر محفوظ ہیں۔
اسی طرح راشٹریہ لوک تانترک پارٹی کے صدر ہنومان بینیوال نے بھی اس قتل کے بعد راجستھان میں امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ میں راجستھان کے وزیر اعلی بھجن لال شرما سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ریاست میں مجرموں کے حوصلے اتنے بلند کیوں ہیں؟ آخرکار راجستھان کے لوگوں کی حفاظت کی ذمہ داری کون لے گا؟
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسی ضلع میں معصوم نوجوان سورج مالی پر حملہ ہوا اور اب حکمراں پارٹی کے لیڈر کوہی گولی مار کرقتل کر دیا گیا۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ راجستھان کے کسی نہ کسی حصے میں ہر روز ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ پولیس کو اس قتل میں ملوث ملزمین کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنی چاہیے۔
بتادیں کہ چتور گڑھ میں بی جے پی رہنما اور تاجر رمیش انانی کو اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ گھر سے اپنے دفتر جا رہے تھے۔ ایک ہیلمٹ پہنے بائک سوار نے بی جے پی لیڈر پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ضلع اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔