اسرائیل غزہ میں امداد کا داخلہ روک رہا ہے، یونیسیف
13
M.U.H
12/11/2025
اقوام متحدہ کے امدادی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ قابض صیہونی رژیم نے غزہ کی پٹی میں جنگبندی شروع ہونے کے بعد سے لیکر اب تک 271 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 622 دیگر کو زخمی کیا ہے
اسلام ٹائمز۔بچوں کی امداد کیلئے اقوام متحدہ کے عالمی ادارے یونیسیف (UNICEF) نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل، بچوں کی ویکسینیشن کے لئے سرنجوں اور فارمولا دودھ کی بوتلوں کو غزہ میں داخل ہونے سے مسلسل روک رہا ہے۔ یونیسیف نے وضاحت کی کہ غزہ میں جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے، اسرائیل نے 107 بچوں سمیت 271 فلسطینی شہریوں کو شہید اور 221 بچوں سمیت 622 افراد کو زخمی کیا ہے۔ اپنی رپورٹ میں یونیسیف نے تاکید کی کہ ان میں سے زیادہ تر جرائم "یلو لائن" کے پیچھے وقوع پذیر ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے نے لکھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ جنگ بندی کی دفعات کے تحت غزہ کی پٹی میں روزانہ 600 امدادی ٹرک داخل ہونے چاہئیں، تاہم اس وقت غزہ کی پوری پٹی میں روزانہ 200 سے زائد ٹرک داخل نہیں رہے۔ یونیسیف نے مزید کہا کہ اسرائیلیوں نے نہ صرف غزہ میں ہسپتالوں، بجلی اور پانی کے اسٹیشنوں کے لئے ایندھن اور ضروری آلات کے، معمول کے مطابق داخلے کو بھی روک رکھا ہے بلکہ بھاری مشینری کے داخلے پر بھی سخت پابندی عائد کر دی ہے۔