ووٹ بینک کے لیے دراندازوں کو بچانے والوں کو عوام نے کرارا جواب دیا ہے: وزیر داخلہ امت شاہ
22
M.U.H
14/11/2025
بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی تاریخی اور شاندار کامیابی کے بعد مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے ریاست کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ بینک کی سیاست کے تحت دراندازوں کو بچانے والوں کو عوام نے کرارا جواب دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس کامیابی کو بہار کے باشعور ووٹروں کا فیصلہ اور ترقی و امن کی جیت قرار دیا۔
امت شاہ نے اپنے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر لکھا کہ “علم، محنت اور جمہوریت کی محافظ بہار کی عوام کو کروڑوں سلام۔ بہار کے عوام کی جانب سے این ڈی اے کو ملا یہ عظیم الشان مینڈیٹ ریاست میں ترقی، خواتین کی سلامتی، بہتر حکمرانی اور غریبوں کی خدمت کے ہمارے عزم پر مہر ثابت ہوا ہے۔ گزشتہ 11 سالوں میں وزیراعظم نریندر مودی جی نے بہار کی ترقی کے لیے دل کھول کر کام کیا اور نتیش کمار جی نے ریاست کو جنگل راج کے اندھیروں سے باہر نکالا۔ یہ مینڈیٹ ’وِکست بہار‘ کے عزم کی تائید ہے”۔ انہوں نے مزید لکھا کہ بہار کے ہر شہری کا ایک ایک ووٹ ملک کی سلامتی کے دشمنوں اور وسائل کا استحصال کرنے والے دراندازوں کے خلاف مودی حکومت کی سخت پالیسی پر بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق، دراندازوں کو بچانے کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے سخت اور دو ٹوک جواب دیا ہے۔
امت شاہ نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس آج بہار میں آخری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے، کیونکہ عوام اب ووٹ بینک کی سیاست اور تسکین کرنے کے نام پر ملک مخالف عناصر کی حمایت برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے عوام نے پورے ملک کا موڈ واضح کر دیا ہے کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی ناگزیر ہے اور اس کے خلاف کسی بھی سیاسی مہم کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر داخلہ نے اس جیت کو ہر بہاری کا جشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ “جنگل راج اور تسکین کرنے کی سیاست کرنے والے کسی بھی روپ میں آئے، عوام انہیں دوبارہ لوٹنے کا موقع نہیں دے گی۔ آج کے دور میں مینڈیٹ صرف کارکردگی کی بنیاد پر ملتا ہے”۔ وزیراعظم نریندر مودی، وزیراعلیٰ نتیش کمار اور این ڈی اے کے تمام اتحادیوں سمیت کارکنان کو مبارک باد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’میں ریاست کے ہر کارکن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے سخت محنت سے یہ نتیجہ ممکن بنایا۔‘‘ آخر میں امت شاہ نے کہا کہ بہار کی عوام خصوصاً خواتین کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے این ڈی اے حکومت پہلے سے زیادہ عزم اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کرے گی۔