کانگریس نے آر ایس ایس پر پاکستانی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کا لگایا الزام
21
M.U.H
14/11/2025
نئی دہلی: کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ آر ایس ایس نے امریکہ میں اپنے مفادات کے لیے ’’پاکستان کے سرکاری لابنگ ونگ‘‘ کی خدمات حاصل کی ہے، تاہم آر ایس ایس نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔ کانگریس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ سنگھ نے ’’قومی مفاد کے ساتھ غداری‘‘ کی ہو۔
آر ایس ایس کے قومی میڈیا و تشہیر کے سربراہ سنیل امبیکر نے کہا کہ ’’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ صرف بھارت میں کام کرتا ہے اور اس نے امریکہ میں کسی بھی لابنگ فرم کی خدمات حاصل نہیں کیں۔‘‘ اس سے قبل کانگریس کے جنرل سکریٹری برائے مواصلات جے رام رمیش نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے خود اعتراف کیا تھا کہ سنگھ ایک رجسٹرڈ تنظیم نہیں ہے اور نہ ہی ٹیکس ادا کرتی ہے۔
رمیش نے مزید کہا کہ اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ آر ایس ایس نے بھاری رقم خرچ کرکے امریکی لا فرم سکوائر پیٹن بوگز، جو مبینہ طور پر پاکستان کے سرکاری لابنگ بازوؤں میں سے ایک ہے، کو اپنے مفادات آگے بڑھانے کے لیے مقرر کیا ہے۔ رمیش نے ایکس پر الزام گایا کہ "آر ایس ایس نے تحریک آزادی کے موقع پر دھوکہ دیا، مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر امبیڈکر کی مخالفت کی اس کے علاوہ آئین اور بھارتی قومی پرچم پر حملہ کی اپنی طویل روایت کے ساتھ اس نے قومی مفاد سے غداری کی ہے۔ یہ ایک فرضی قوم پرست تنظیم ہے۔"
رمیش نے ایکس پر ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں امریکی سینیٹ کی لابنگ کے انکشافات کو دکھایا گیا، جس میں لکھا ہے کہ پاکستان کے سرکاری لابنگ ونگ اسکوائر پیٹن، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ" کے لیے ایک لابیسٹ کے طور پر رجسٹر کیا ہے۔