راہل گاندھی ملک کے نمبر 1 دہشت گرد، ان پر تو انعام ہونا چاہئے،مرکزی وزیر رونیت بٹو کا متنازعہ بیان
46
M.U.H
15/09/2024
نئی دہلی: مرکزی وزیر اور بی جے پی لیڈر رونیت سنگھ بٹو نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو لے کر ایک متنازعہ بیان دیا ہے۔ بٹو نے کہا کہ راہل گاندھی ملک کے نمبر ایک دہشت گرد ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ راہل گاندھی نے سکھوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے۔ سکھ کسی پارٹی سے وابستہ نہیں اور یہ ایک چنگاری لگانے کی کوشش ہے۔ راہل گاندھی ملک کے نمبر ایک دہشت گرد ہیں۔ بٹو نے یہ متنازع باتیں راہل گاندھی کے امریکہ میں سکھوں سے متعلق بیان کے حوالے سے کہی ہیں۔ بتادیںکہ رونیت بٹو نے لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ لدھیانہ سے لوک سبھا الیکشن ہارنے کے بعد بی جے پی نے انہیں مرکز میں وزیر مملکت بنا دیا ہے۔ مرکزی وزیر بٹو نے بھاگلپور میں کہا، میں نے چیلنج کیا ہے کہ کوئی سکھ جو یہاں کھڑا ہے ، جوکسی بھی پارٹی سے وابستہ نہیں ہے۔ یہاں بول دے بھاگلپور میں ، کسی نے ان سے بولا کہ آپ کڑا نہیں ڈال سکتے ہیں ، کسی نے کہا کہ آپ پگڑی نہیں پہن سکتے، کسی نے کہا کہ آپ گرودوارہ نہیں جا سکتے، کوئی سکھ یہاں کھڑا ہو کر کہے، میں ابھی بی جے پی چھوڑ دوں گا۔ چنگاری لگانے کے لئے پہلے انہوں نے مسلمانوں کو استعمال کرنے کی کوشش کی، اب اگر ایسا نہیں ہوا تو وہ سرحد پر موجود سکھوں میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔ بتادیں کہ رونیت سنگھ بٹو نے دورہ امریکہ کے دوران راہل گاندھی کے سکھوں کے حوالے سے دیے گئے بیان سے ناراض ہو کر انہیں دہشت گرد کہہ دیا ہے۔ راہل گاندھی نے ورجینیا میں ہندوستانی امریکی کمیونٹی کے سینکڑوں لوگوں سے بات چیت کی۔ اس دوران راہل گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ آر ایس ایس کچھ مذاہب، زبانوں اور برادریوں کو دوسروں سے کمتر سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں لڑائی سیاست کے لیے نہیں بلکہ اسی چیز کے لیے لڑی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ لڑائی کیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ لڑائی اس بارے میں ہے کہ آیا ہندوستان میں سکھ کو پگڑی پہننے کا حق ہے یا نہیں۔ یا سکھ کے طور پر وہ گرودوارہ جا سکتا ہے یا نہیں؟ بی جے پی لیڈر نے کہا، 'جو ملک کا وانٹیڈ ہے وہ جو بیان دیتا تھا ، وہی بیان راہل گاندھی دیتے ہیں۔ اب بم اور گولہ بارود بنانے والے علیحدگی پسندوں نے راہل گاندھی کے بیان کو سراہا ہے اور راہل گاندھی نے ان کی بات کہی ہے۔ وہ لوگ جو ہمیشہ لوگوں کو مارنے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں دھماکے سے اڑانے کی بات کرتے ہیں، جب وہ راہل گاندھی کی حمایت میں آئیں تو سمجھ لیں کہ راہل گاندھی ملک کا نمبر ایک دہشت گرد ہے اور اسے پکڑنے پر سب سے بڑا انعام ملنا چاہیے۔ راہل گاندھی کو ہندوستان سے پیار نہیں: بٹو بہار کے بھاگلپور میں ایک تقریب کے دوران صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رونیت بٹو نے کہا کہ میرے خیال میں راہل گاندھی پہلے ہندوستانی نہیں ہیں، انہوں نے کافی وقت ہندوستان سے باہر گزارا ہے۔ اس کے دوست وہاں ہیں، اس کا خاندان وہاں ہے۔ اس کی وجہ سے، میرے مطابق، وہ اپنے ملک سے زیادہ پیار نہیں کرتے، وہ باہر جا کر ہر بات پر فضول باتیں کرتے ہیں، اور خاص طور پر انہیں آج بھی نہیں معلوم کہ مزدور کا درد کیا ہوتا ہے، چاہے وہ سیاست میں ہی کیوں نہ ہوں۔ آدھی زندگی گزر چکی ہے، اب آپ اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں اور آپ ادھر ادھر تصویریں بنوانے جاتے ہیں، اس سے ان کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔