فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی موجودگی غیر قانونی ہے:نمائندہ اقوام متحدہ
31
M.U.H
17/09/2024
فلسطین میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج اور آباد کاروں کا تشدد اس حد تک پہنچ گیا ہے جس کی کئی دہائیوں میں مثال نہیں ملتی۔
البانیز نے پیر کے روز ایک پریس بیان میں کہا کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی موجودگی غیر قانونی ہے۔ انہوں نے مغربی صحافیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں اور فلسطینیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو اجاگر کریں۔
انہوں نےکہا کہ'انروا' کو اسرائیل اور دیگر ممالک کی طرف سے ایک گھٹیا مہم کا نشانہ بنایا گیا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ ایجنسی کو ختم کرنے کی سازش ہے۔
البانیز نے مزید کہا کہ "میں خبردار کرتی ہوں کہ اسرائیلی فوجی حکمرانی کے تحت فلسطینی عوام کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس پرآنکھیں بند نہ کی جائیں۔
اسرائیلی فوج کی کارروائیاں خطرے کی گھنٹی ہیں''۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو حاصل استثنیٰ اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔