بلڈوزر پالیسی پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم: پرینکا گاندھی
27
M.U.H
18/09/2024
نئی دہلی: سپریم کورٹ کی جانب سے 17 ستمبر کو بلڈوزر کاروائی پر لگائی گئی پابندی پر اپوزیشن قائدین کے رہنماؤں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھاکہ ''بی جے پی سرکار کی غیرمنصفانہ اور غیر انسانی 'بلڈوزر پالیسی' کو آئینہ دکھانے والے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا وہ خیر مقدم کرتی ہیں ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ایسی ظالمانہ کارروائیوں کے ذریعہ 'ملک کے قانون پر بلڈوزر چلا کر' انسانیت اور انصاف کو روندنے والی پالیسی اور نیت پورے ملک کے سامنے بے پردہ ہو چکی ہے۔پرینکا گاندھی نے حکمراں طبقہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ 'جلد انصاف' کی آڑ میں ظلم اور نا انصافی کے بلڈوزر سے قانون کو کچل کر بھیڑ اور خوف کا راج قائم کیا جا سکتا ہے لیکن یہ ملک قانون سے چلتا ہے اور قانون سے ہی چلے گا۔ اپنے پوسٹ کے آخر میں وہ یہ بھی لکھتی ہیں کہ عدالت نے صاف کر دیا ہے کہ 'بلڈوزر نا انصافی' نا قابل قبول ہے۔سپریم کورٹ نے آج بلڈوزر کارروائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں کسی بھی خانگی املاک پر بلڈوزر چلانے پر یکم ؍ اکٹوبر تک پابندی عائد کردی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر اب یہ کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ اس فیصلہ کا اپوزیشن نے خیرمقدم کیا ہے۔