وزیر اعظم مودی فرانس کے دورے پر روانہ، ’باسٹل ڈے‘ کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر کریں گے شرکت
357
m.u.h
13/07/2023
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج فرانس کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے پر پی ایم مودی دفاع اور خلا سمیت مختلف شعبوں میں ہند-فرانس کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ فرانس روانہ ہونے سے پہلے پی ایم مودی نے کہا کہ وہ فرانسیسی صدر کے ساتھ طویل عرصے سے جاری شراکت داری کو آگے بڑھانے کے بارے میں وسیع بات چیت کریں گے۔ پی ایم مودی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی مل کر کام کرتے ہیں۔
پی ایم مودی نے کہا ’’اس سال ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کی 25 ویں سالگرہ ہے۔ گہرے اعتماد اور عزم میں جڑے ہوئے، دونوں ممالک دفاع، خلائی، سول نیوکلیئر، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور لوگوں کے درمیان تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا دورہ فرانس کے صدر ایمینوئل میکرون کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم مودی 14 جولائی کو فرانس میں باسٹیل ڈے کی تقریبات میں خصوصی مہمان ہوں گے۔ اس میں ہندوستانی فوج کے تینوں ونگز کا دستہ بھی شرکت کرے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق صدر میکرون وزیر اعظم کے اعزاز میں سرکاری ضیافت کا اہتمام کریں گے اور نجی عشائیہ بھی دیں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف موضوعات پر بات چیت ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کا فرانس کے وزیر اعظم اور سینیٹ اور قومی اسمبلی کے صدور سے بھی ملاقات کا پروگرام ہے۔ فرانس کے معززین سے بھی بات چیت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ سٹریٹجک، سائنسی، علمی اور اقتصادی تعاون جیسے متنوع شعبوں میں مستقبل کے تعاون کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے ۔