فلسطینی مقاومتی محاذ نے صیہونی ہیلی کاپٹر مار گرایا
335
m.u.h
26/10/2023
آپریشن طوفان الاقصیٰ کے 21ویں روز فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے عسکری ونگ "القسام بریگیڈ" نے ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی خبر دی ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر "البریج" کیمپ پر پرواز کر رہا تھا جسے القسام بریگیڈ نے ائیر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے نشانہ بنایا۔ القسام نے اس کارروائی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ صیہونی ہیلی کاپٹر کو "SAM 7" میزائل کے ذریعے ہِٹ کیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کے گرنے کی اطلاع اس وقت سامنے آئی جب فلسطینی میڈیا نے غزہ کی پٹی پر البریج مہاجر کیمپ پر صیہونی توپ خانے کے حملے کی خبر دی۔ دوسری جانب صیہونی فوج کے ترجمان نے منگل کی شام اس بات کا اعتراف کیا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر شدید بمباری کے باوجود تل ابیب پر حماس کے حملوں کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
صیہونی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کو طویل آپریشنز انجام دینے پڑ سکتے ہیں۔ اس حوالے سے صیہونی رژیم کو سیاسی سطح پر سخت فیصلے لینے پڑ سکتے ہیں۔ حماس ابھی تک اسرائیل کو میزائلوں سے نشانہ بنا سکتی ہے جس وجہ سے صیہونی فوج غزہ کی پٹی پر اپنے حملے جاری رکھے گی۔ یاد رہے کہ حماس کی جانب سے فلسطین کی آزادی کے لئے صیہونی رژیم کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ کو 20 روز گزر چکے ہیں۔ اس آپریشن میں ابھی تک 1300 صیہونی ہلاک ہو گئے۔ جس کے جواب میں صیہونیوں نے غزہ کی پٹی کو وحشیانہ بمباری کے ذریعے ملیا میٹ کر دیا۔