یمن: غزہ پر حملے بند ہونے تک بحیرہ احمر میں کارروائیاں جاری رہيں گی
300
m.u.h
18/12/2023
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے یمن کی کارروائیوں سے صیہونی دشمن کی معیشت پر مرتب ہونے والے تباہ کن منفی اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام پر جاری مظالم کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کے علاوہ کسی بھی بحری جہاز کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یمن کی مسلح افواج صرف صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کو ہی نشانہ بنا رہی ہیں۔ یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ فلسطین کے بارے میں یمن کا موقف ایک قومی، دینی اور اخلاقی اصول کا آئینہ دار ہے اور وہ، صیہونی حکومت کو اسلامی ملکوں اور امت مسلمہ کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں غاصب صیہونی حکومت کے کئی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمن کی بحریہ نے اس سے قبل خبردار بھی کیا تھا کہ جب تک غزہ میں عام شہریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا اس طرح کی فوجی کارروائياں مسلسل جاری رہیں گی۔