روس نے نان اسٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار، استعمال کرنے کی مشقیں شروع کردیں
185
M.U.H
22/05/2024
روس نے نان اسٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار اور استعمال کرنے کی عملی مشقیں شروع کردی ہیں، روسی وزارت دفاع کے مطابق یہ مشقوں کا پہلا مرحلہ ہے جو سدرن ملٹری ڈسٹرکٹ میں کیا جارہا ہے، مشقوں کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔ روس کے فوجی محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نان اسٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار اور استعمال کرنے کی یہ عملی مشقیں روسی فیڈریشن کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر انچیف کے احکامات پر کی جارہی ہیں۔ اس پہلے مرحلے میں نان اسٹریٹیجک نیوکلیئر ہتھیار تیار اور انہیں استعمال کرنے کی عملی جانچ کی جارہی ہے اور ان مشقوں کی قیادت مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کررہے ہیں۔ روسی میڈیا کے مطابق سدرن ملٹری ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے میزائل فارمیشنز کے اہلکار جنگ میں اسکندر ٹیکٹیکل میزائل نظام کے لیے خصوصی اسلحہ حاصل کرنے، لانچ وہیکلز کو ان سے مسلح کرنے اور پھر انہیں خفیہ انداز سے ایسے مقامات تک پہنچانے کی پریکٹس کررہے ہیں جہاں سے میزائل لانچ کیے جانا ہوں۔
ائرواسپیس فورسز ایوی ایشن کے یونٹ سے تعلق رکھنے والے فوجی اس بات کی مشق کررہے ہیں کہ فضا سے مار کرنیوالے ہتھیار کی تنصیب کی مشق کر رہےہیں۔ ان ہتھیاروں میں خنزل Kinzhal ائروبیلسٹک ہائپر سونک میزائل بھی شامل ہیں، مگ 31 فائٹر طیارے ان مشقوں میں شریک ہیں۔ روسی حکام کے مطابق یہ اقدام مغربی حکام کی جانب سے روس کے خلاف اشتعال انگیز بیانات کے تناظر میں اپنی ملکی سلامتی اور علاقائی استحکام کی خاطر کیا جارہا ہے۔ حکام نے ان مشقوں کو نیٹو کی جانب سے روس میں عدم استحکام کی کوششوں کا جواب قرار دیا ہے۔