وجئے واڑہ : تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے سپریمو اور آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے بدھ کو واضح کیا کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا حصہ ہیں اور وہ این ڈی اے کی میٹںگ میں شامل ہوں گے آج وجئے واڑہ کے قریب انڈاولی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرنائیڈو نے کہا کہ وہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کے حصہ کے طور پر اتحاد کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سیاست کا کافی تجربہ ہے اور میں نے ملک میں بہت سی سیاسی تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ میں نئی دہلی میں ہونے والی این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کرنے جا رہا ہوں۔ ٹی ڈی پی-بی جے پی-جے ایس پی اتحاد کو زبردست جیت دلانے کے لئے ریاست کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے اس جیت کا کریڈٹ تینوں جماعتوں کے کارکنوں کی مربوط کوششوں کودیا۔ 2024 کے انتخابات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک شخص وائی ایس آر سی پی کی زیرقیادت حکومت کو شکست دینے کے عزم کے ساتھ اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے امریکہ سے آندھرا آیا اور ساتھ ہی پڑوسی ریاستوں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کچھ لوگ بھی جگن موہن ریڈی حکومت کو ہٹانے کے لیے اپنا ووٹ ڈالنے کے لیے ریاست میں پہنچ گئے۔ انہوں نے یاد کیا کہ جب 1883 میں این ٹی راما راؤ نے ٹی ڈی پی کی تشکیل کی تھی، تب پارٹی نے 200 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اب 2024 میں اتنی بڑی جیت درج کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی پی-بی جے پی-جے ایس پی اتحاد نے 55.38 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں۔