دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں کو نہ کفن اور دفن کی جگہ ملے گی :یوگی
410
M.U.H
27/09/2024
جموں:اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو پاکستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کو ختم کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر پاکستان کی حمایت سے کہیں بھی دہشت گردی کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی تو وہ اپنے بدترین انجام کو پہنچیں گے۔ یہ نیا ہندوستان ہے، جو دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گا بلکہ اسے کچل کر دفن کر دے گا۔یوگی آدتیہ ناتھ نے ادھم پور ضلع کے رام نگر علاقے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ اگر کسی نے پاکستان کی مدد سے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے بیج بونے کی کوشش کی تو انہیں نہ کفن نصیب ہو گا اور نہ دفن کے لیے دو گز زمین ملے گی۔
انہوں نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو 'ڈبل انجن حکومت' کی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اگر آپ ڈبل انجن حکومت کی مثال دیکھنا چاہتے ہیں تو سب سے بڑی مثال اتر پردیش میں رام مندر کی تعمیر ہے، جو 500 سال کے بعد مکمل ہوا۔ جب ہم نے رام مندر کی تعمیر کا عمل شروع کیا تو کچھ لوگوں نے کہا تھا کہ اگر رام مندر کا فیصلہ ہوا اور تعمیر شروع ہوئی تو خون کی ندیاں بہیں گی، لیکن ہم نے کہا کہ یہ نیا ہندوستان ہے، جہاں سب سے پہلے سلامتی کو ترجیح دی جائے گی۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات سالوں میں اتر پردیش میں ایک بھی فساد نہیں ہوا اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر بھی اسی طرح کی ترقی کا حصہ بنے گا۔انہوں نے کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی پر جموں و کشمیر کو سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا۔مزید کہا کہ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کو مذہبی رنگ دے کر اسے دہشت گردی کا گڑھ بنا دیا؟ انہوں نے عوام کا استحصال کیا، خاندانی حکمرانی کو فروغ دیا، بدعنوانی کو ہوا دی، اور اپنے سیاسی فائدے کے لیے دہشت گردی کو سپورٹ کیا۔یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں آرٹیکل 370 کی منسوخی نے دہشت گردی کی نرسری کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا ہے۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے آرٹیکل 370 کے خاتمے سے پہلے کہا تھا کہ اگر اسے چھیڑا گیا تو جموں و کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی۔ لیکن حقیقت اس کے بالکل برعکس ثابت ہوئی۔ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر میں امن آیا، ترقی ہوئی اور عوام خوش ہیں، جس نے اسے بہترین ریاستوں میں شامل کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانی، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور خاندانی حکمرانی کے پرانے دن کبھی واپس نہیں آئیں گے۔ عوام نے ان تینوں خاندانوں کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور انتخابات کے بعد ان کا خاتمہ یقینی ہو جائے گا۔