ایران کے فوجی اہداف کو نشانہ بنائیں گے، نیتن یاہو نے واشنگٹن کو آگاہ کر دیا
33
M.U.H
16/10/2024
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے امریکا کو آگاہ کیا ہے کہ اسرائیل، ایران کی جوہری یا تیل کی تنصیبات پر نہیں بلکہ عسکری اہداف پر حملے کے لیے تیار ہے۔ امریکی اخبار "واشنگٹن پوسٹ" نے باخبر ذمے داران کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملہ 5 نومبر کو امریکا میں صدارتی انتخابات سے قبل کیا جائے گا۔ اسرائیل نے یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے میزائل حملوں کے بعد انتقامی کارروائی کی دھمکی دی تھی، ایران کا میزائل حملہ غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور اسی طرح حماس اور حزب اللہ کے کی رہنماؤں کی ہلاکت کے ردعمل کے طور پر تھا۔
اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ کیا، جو تقریباً دو ماہ میں ان کے درمیان پہلی گفتگو تھی، بائیڈن نے نیتن یاہو کو آگاہ کیا کہ اسرائیلی انتقامی کارروائی "متناسب" ہونی چاہیئے، جو کسی وسیع تر علاقائی جنگ کو نہ بھڑکا دے۔ امریکی ذمہ داران نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ایران کے اندر اپنے ممکنہ اہداف کا تعین کر لیا ہے، غالب گمان کے مطابق ان میں فوجی اور توانائی کے مقامات شامل ہیں۔ دوسری جانب تہران یہ دھمکی دے چکا ہے کہ آئندہ کسی بھی اسرائیلی حملے کا ردعمل یکم اکتوبر کے میزائل حملے سے زیادہ بھرپور ہوگا۔