گلمرگ دہشت گردانہ حملے کے بعد فاروق عبداللہ کا سخت پیغام: کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا
420
M.U.H
25/10/2024
سرینگر:نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ کشمیر میں خونریزی کو ختم کرنے کے لئے دوستی کے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے بات کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں کل کی طرح حملے اس وقت تک ہوتے رہیں گے جب تک کوئی مناسب حل نہیں نکالا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ یہ کہاں سے آتا ہے۔ اس طرح کے واقعات پچھلے 30 سالوں سے ہو رہے ہیں۔ ہم پاکستان کا حصہ نہیں بننے والے ہیں تو پھر ایسا کیوں کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک کو اپنے مسائل کو خود دیکھنا چاہیے۔ معیشت کے لحاظ سے جموں و کشمیر کو مزید کمزور نہ بنائیں۔انہوں نے اپیل کی کہ بے گناہوں کے قتل کو ختم کرنے کے لیے کوئی حل نکالا جائے اور ساتھ ہی ساتھ دوستی کے لیے بھی کوئی راستہ نکالا جائے۔
انہوں نے گلمرگ حملے میں مارے گئے فوجیوں اور پورٹرز کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ واضح رہے جمعرات کی شام گلمرگ علاقے کے بوٹاپتھری علاقے میں ایک دہشت گردانہ حملے میں دو پورٹر اور دو فوجی مارے گئے۔ جبکہ اسپتال میں آج ایک اور زخمی فوجی کی موت واقع ہوئی ہے۔