پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے 20 دسمبر 2024 تک چلے گا
111
M.U.H
05/11/2024
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ٹویٹ کیا، "پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے شروع ہو رہا ہے اور 20 دسمبر 2024 تک جاری رہے گا۔" پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے تصدیق کی کہ صدر دروپدی مرمو نے اس مدت کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں (لوک سبھا اور راجیہ سبھا) کو بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔
آنے والے سرمائی اجلاس کی خاص بات یہ ہے کہ 26 نومبر کو یوم دستور منایا جائے گا، جو ہندوستانی آئین کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں منایا جائے گا۔ یہ تقریب نئی دہلی میں سمودھان سدن کے سنٹرل ہال میں منائی جائے گی، جس میں دونوں ایوانوں کے اراکین ملک کی بنیادی دستاویز کا احترام کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔
رجیجو نے X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ، " صدر نے حکومت ہند کی سفارش پر، 25 نومبر سے 20 دسمبر، 2024 تک سرمائی اجلاس، 2024 کے لیے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کو طلب کرنے کی تجویز کو(پارلیمانی کام کی ضروریات کے تحت) منظوری دے دی ہے۔ 26 نومبر، 2024 (یوم آئین)، آئین کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ، سمودھان سدن کے سنٹرل ہال میں تقریب منائی جائے گی۔"
ہنگامہ خیز ہوسکتا ہے موسم سرما کا اجلاس
18ویں لوک سبھا کے سرمائی اجلاس میں وقف بل، ون نیشن ون الیکشن سمیت کئی بل پیش کیے جانے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی تجویز بھی منظور ہونے کا امکان ہے۔ حال ہی میں جموں و کشمیر میں 10 سال بعد اسمبلی انتخابات ہوئے ہیں اور ان تجاویز کے حوالے سے اپوزیشن کا سخت موقف بھی دیکھنے میں آیا۔ اس لیے 2024 میں پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں زبردست ہنگامہ ہونے کا امکان ہے۔
مانسون اجلاس میں منظور کیے گئے چار بل
18ویں لوک سبھا کے پہلے مانسون اجلاس میں 12 بل پیش کیے گئے۔ ان میں سے چار بل منظور بھی کیے گئے جو کہ درج ذیل ہیں - فائننس بل 2024، تخصیص بل 2024، جموں و کشمیر تخصیص بل 2024 اور انڈین ایئر کرافٹ بل۔ مانسون اجلاس 22 جولائی سے 9 اگست تک جاری رہا تھا۔