یمن کی جانب سے اہم اسرائیلی فوجی اڈے پر ہائپرسونک میزائل کے ساتھ کامیاب حملہ
35
M.U.H
11/11/2024
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ یمنی مسلح افواج نے فلسطین و لبنان سمیت پورے خطے میں جاری غاصب صہیونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے جواب میں مقبوضہ فلسطینی سرزمین کے مرکز میں واقع بچوں کی قاتل اسرائیلی فوج کی ایک اہم ملٹری بیس کو نشانہ بنایا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں جنرل يحيی سریع کا کہنا تھا کہ یہ مزاحمتی کارروائی دلیر فلسطینی و لبنانی مزاحمت کی حمایت میں انجام پائی ہے جس کے دوران مقبوضہ فلسطینی شہر یافا (تل ابیب) کے جنوب مشرق میں واقع اہم اسرائیلی فوجی اڈے ناحال سوریک کو ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
ادھر اسرائیلی میڈیا نے بھی مقبوضہ بیت المقدس کے مغرب میں واقع بیت شیمش کے علاقے میں ہونے والے تباہ کن میزائل حملے کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس حملے سے مذکورہ علاقہ وسیع آگ کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ صہیونی میڈیا کا کہنا تھا کہ یمنی مسلح افواج کی جانب سے اسرائیلی بیس کو "فلسطین 2" نامی ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس سے ناحال سوریک نامی اس صیہونی فوجی اڈے میں وسیع آگ بھڑک اٹھی۔