’مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے بعد یوگی کی کرسی چلی جائے گی‘، اکھلیش یادو کی پیشین گوئی
39
M.U.H
11/11/2024
سماجوادی پارٹی چیف اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے تعلق سے ایک پیشین گوئی کی ہے۔ کندرکی میں پیر کے روز انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے بعد ان کی کرسی چھین لی جائے گی۔ اکھلیش کا کہنا ہے کہ آج کل حکومت کو اپنی کرسی بچانے کا غصہ ہے، کیونکہ دہلی والوں نے طے کر لیا ہے کہ مہاراشٹر انتخاب کے بعد ان کی کرسی نہیں بچے گی۔
وزیر اعلیٰ یوگی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ دہلی گئے تھے اور چاہتے تھے کہ اپنا کچھ بنوا لیں، لیکن اپنا کچھ نہ بنا پائے، سب کارگزار طور پر چل رہا ہے۔ یہ نظامِ قانون کی بہت دُہائی دیتے ہیں، لیکن ان کا سب سے بڑا پولیس افسر ابھی تک کارگزار ہے، مستقل نہیں ہو پایا۔ دہلی والے انتظار کر رہے ہیں کہ کب کرسی چھین لیں۔
اس سے قبل دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی وزیر اعلیٰ یوگی کے تعلق سے اسی طرح کی پیشین گوئی کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ لوک سبھا انتخاب کے نتائج کے دو ماہ کے اندر یوگی آدتیہ ناتھ کو یوپی کے وزیر اعلیٰ عہدہ سے ہٹا دیا جائے گا۔
بہرحال، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو بھروسہ دلا رہا ہوں، مہاراشٹر میں بی جے پی ہارے گی اور یوپی میں کرسی چھین لی جائے گی۔ ان کی کرسی تبھی چلی گئی ہوتی جب انھیں لگا کہ نزول کی زمین مسلم بھائیوں کی زمین ہے۔ جب سب اراکین اسمبلی اکٹھا ہوئے اور کہا کہ کرسی چھین لیں گے۔ تب وہ ڈر گئے اور قانون کو واپس لے لیا۔