’یوپی میں مسلمان سب سے زیادہ محفوظ!‘ یوگی آدتیہ ناتھ کا دعویٰ
115
M.U.H
26/03/2025
لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ ریاست میں مسلمان سب سے زیادہ محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہندو محفوظ ہیں تو مسلمان بھی محفوظ ہیں۔ انہوں نے یہ بیان ایک نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں دیا۔ بلڈوزر انصاف پر بات کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ جو جیسی زبان سمجھتا ہے، اسے اسی زبان میں سمجھانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست میں قانون کی حکمرانی یقینی بنائی گئی ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے اس بیان پر کہ ’’ڈبل انجن حکومت میں اب تو دونوں انجن ایک دوسرے کو نمستے تک نہیں کرتے‘‘، یوگی نے کہا کہ وہ موجودہ قیادت اور اپنے بزرگوں کا احترام کرتے ہیں۔ تاہم، انہوں نے سپا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جن کے لیے اورنگزیب آئیڈیل ہیں، ان کا رویہ بھی ویسا ہی ہوتا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اورنگزیب کو ایس پی کا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ مہارانا پرتاپ، مہارانا سانگا، چھترپتی شیواجی مہاراج اور گرو گوبند سنگھ کے بارے میں کیا جانیں گے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ ایس پی کے لوگ اورنگزیب، بابر اور جناح کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں۔
وقف کے حوالے سے یوگی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وقف املاک کے نام پر کیا کبھی کوئی فلاحی کام کیا گیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وقف جس زمین کو اپنی قرار دے دے، اسے بغیر کسی سوال کے تسلیم کر لیا جاتا ہے، جو حیران کن ہے۔ یوگی نے وقف ترمیمی قانون پر جے پی سی کی سفارشات کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک اور مسلمانوں دونوں کے مفاد میں ہوگا۔
متھرا کے حوالے سے یوگی نے کہا کہ یہ شری کرشن کی جنم بھومی ہے اور عدالت میں زیر سماعت معاملہ ہے، اس لیے عدالتی حکم کی تعمیل کی جا رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر معاملہ عدالت میں نہ ہوتا تو وہاں بہت کچھ ہو چکا ہوتا۔ سنبھل میں مذہبی مقامات پر تبصرہ کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ ریاست میں 54 مذہبی مقامات کی نشاندہی ہو چکی ہے اور مزید مقامات کی تلاش جاری ہے۔