تیل کی کھیپیں ایک سے دوسرے جہاز میں منتقل کرنے والے چار آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا گیا: سپاہ پاسداران
48
M.U.H
22/10/2026
تہران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز کے غیر قانونی اور ممنوعہ علاقے میں تیل کی کھیپیں ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں منتقل کرنے والے چار آئل ٹینکروں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے اور وہ آگ میں جل رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ رات احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تین بحری جہاز آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوئے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے تعلقات عامہ کے شعبے کا بیان حسب ذیل ہے:
بسم اللہ القاصم الجبارین
ایران کی بہادر اور سربلند قوم!
آپ قابل تحسین ہیں کہ میدان میں ثابت قدمی اور بھرپور استقامت کے ذریعے اسلام کے مجاہدین کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں اور ایران عزیز کے دشمنوں کو ذلت اور مایوسی سے دوچار کر رہے ہیں۔
سپاہ کی بحریہ کے جانباز اہلکار اس عظیم قومی پشت پناہی کے ساتھ بدستور آبنائے ہرمز کا انتظام اور کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔
سمندری راستوں کی خلاف ورزی کرنے والی ان کمپنیوں کو دی پچھلی وارننگ کے بعد، جو امریکا کی جارح فوج کے دھوکے میں آ کر غیر قانونی راستوں سے گزر رہی تھیں، بحریہ کے مجاہدین نے چار ایسے خلاف ورزی کے مرتکب آئل ٹینکروں پر نظر رکھی اور ان کا پیچھا کیا، جو اس سے پہلے غیر قانونی راستے سے گزر چکے تھے۔ انھیں خلیج فارس کے شمالی وسطی حصے میں تیل کی کھیپیں ایک سے دوسرے جہاز میں منتقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ پھر چاروں جہازوں کو بیک وقت نشانہ بنایا گیا اور وہ آگ میں جل رہے ہیں۔
اسی طرح گزشتہ رات احکام کی خلاف ورزی کرنے والے تین بحری جہاز بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں حادثے اور آتش زدگی کا شکار ہوئے اور انھیں روک دیا گیا۔
جہازوں کو بارودی سرنگوں سے بھرے غیر قانونی راستے سے گزرنے پر اکسانے کی امریکا کی سامراجی حکومت کی ضد کی وجہ سے سمندری حادثات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔ امریکا کی جارح فوج کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو مقابلے کا دائرہ خطے میں موجود جارح فوج کے اڈوں تک پھیل جائے گا۔ یہ ایک سنجیدہ وارننگ ہے۔
و ما النصر الا من عند اللہ العزیز الحکیم (اور فتح تو صرف غالب و حکیم اللہ کی جانب سے ہے)