یمن پر امریکی اور اسرائیلی حملوں سے کشیدگی مزید بڑھے گی: روس
37
M.U.H
01/01/2025
اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے نے یمن پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔
اقوام متحدہ میں روس کے نمائندے واسیلی نبنزیا نے یمن پر امریکہ اور صہیونی حکومت کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نبنزیا نے کہا کہ صنعاء سمیت یمن کے مختلف شہروں پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھانے کی کوشش ہے۔ ان حملوں میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان حملوں کو انتقامی کارروائیوں کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے مگر ان حملوں سے انصاراللہ کے بجائے یمنی بے گناہ عوام کا زیادہ نقصان ہورہا ہے۔
نبنزیا نے مزید کہا کہ تمام فریقوں کو تناؤ کو بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے اور یمن میں شہریوں اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جانے چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ اور برطانیہ کی قیادت میں ہونے والی غیر قانونی کارروائیاں یمن کی سرزمین پر مزید تباہی کا سبب بن رہی ہیں اور یہ مسائل کو حل کرنے کے بجائے بڑھا رہی ہیں۔