آپریشن سیندور دہشت گردوں کے خلاف درست کارروائی تھی: موہن بھاگوت
17
M.U.H
09/05/2025
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران اب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا بیان سامنے آیا ہے۔ سنگھ نے "آپریشن سیندور" کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن سے ملک کا حوصلہ بڑھا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے فوج کی اس کارروائی کو دہشت گردوں کے خلاف بالکل درست قدم قرار دیا۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا۔ اس حملے کے بعد ہندوستان نے 6 اور 7 مئی کو پاکستان پر "آپریشن سندور" کے تحت کارروائی کی۔ اس آپریشن کے ذریعے ہندوستان نے پاکستان کو یہ واضح پیغام دیا کہ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان خاموش نہیں بیٹھے گا۔ اس آپریشن میں ہندوستان نے پاکستان کے 9 دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔ اسی کے ردعمل میں پاکستان نے جمعرات کی رات ہندوستان پر حملے کی ناکام کوشش کی۔
سنگھ نے آپریشن سندور کی تعریف کی
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے کہا کہ پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ واقعے کے بعد پاکستان کی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے حمایتی نظام کے خلاف کی گئی فیصلہ کن کارروائی "آپریشن سندور" کے لیے ہم ہندوستانی حکومت کی قیادت اور فوجی قوتوں کو دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہندو یاتریوں کے قتلِ عام سے متاثر خاندانوں اور پورے ملک کو انصاف دلانے کے لیے کی گئی اس کارروائی نے پورے ملک کے وقار اور حوصلے کو بڑھایا ہے۔ سنگھ نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں، ان کے ڈھانچے اور معاون نظام کے خلاف کی جا رہی فوجی کارروائی ملک کی سلامتی کے لیے ضروری اور ناگزیر قدم ہے۔ قومی بحران کی اس گھڑی میں پورا ملک اپنی جان، مال اور دل سے حکومت اور فوجی قوتوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان پر تنقید
سنگھ نے پاکستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستانی سرحد پر مذہبی مقامات اور شہری آبادی پر حملہ کرنے والی پاکستانی فوج کی مذمت کرتے ہیں اور ان حملوں کا شکار بننے والے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
عوام سے اپیل
سنگھ نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اس مشکل وقت میں تمام شہریوں سے گزارش کرتا ہے کہ حکومت اور انتظامیہ کی طرف سے دی جا رہی تمام ہدایات پر پوری طرح عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی، ہر شہری کو چاہیے کہ وہ اپنے قومی فریضے کی ادائیگی کرتے ہوئے اس بات کی پوری احتیاط رکھے کہ ملک دشمن عناصر کی طرف سے سماجی ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔ سنگھ نے کہا کہ ہم پورے ملک کے عوام سے گزارش کرتے ہیں کہ اپنی محب وطنی کا ثبوت دیتے ہوئے جہاں بھی، جیسے بھی ضرورت ہو، فوج اور انتظامیہ کی مدد کے لیے تیار رہیں اور قومی یکجہتی و سلامتی کو برقرار رکھنے کی ہر کوشش کو تقویت دیں۔
ہندوستان نے پاکستان کو دیا سخت جواب
جمعرات کو پاکستان نے ہندوستان کے 15 علاقوں پر ڈرون اور میزائل سے حملہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ہندوستان نے ان عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ ہندوستان نے لمحوں میں پاکستان کے 50 سے زائد ڈرون اور میزائل مار گرائے۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے نہ صرف پاکستان کے حملے کو روکا بلکہ اس کا منہ توڑ جواب بھی دیا۔ ملک نے پاکستان کے 8 شہروں کو نشانہ بنایا اور ایک بار پھر اس کی کمر توڑ دی۔