نئی دہلی: فرانس کی ایرو اسپیس کمپنی ڈاسو ایوی ایشن اور ہندوستان کی ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ نے ایک اہم معاہدے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت رافیل لڑاکا طیاروں کے فوزلاج (طیارے کا دھڑ) کی تیاری ہندوستان کے شہر حیدرآباد میں کی جائے گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ رافیل طیاروں کے یہ اجزاء فرانس کے علاوہ کسی اور ملک میں تیار کیے جائیں گے، جو ہندوستان کی دفاعی صنعت میں خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اس معاہدے کے تحت، ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز حیدرآباد میں ایک جدید ترین پیداوار کی سہولت قائم کرے گا، جہاں رافیل طیاروں کے اہم ساختی حصے تیار کیے جائیں گے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ مالی سال 2028 تک پہلا فوزلاج اسمبلی لائن سے باہر آ جائے گا، اور ہر ماہ دو فوزلاج کی فراہمی کی توقع ہے۔ ڈاسو ایوی ایشن کے چیئرمین اور سی ای او ایرک ٹریپیر نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ رافیل کی باڈی کا پیداوار فرانس کے باہر کیا جائے گا۔ یہ ہندوستان میں ہماری سپلائی چین کو مستحکم کرنے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔
ٹاسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر و پرمنڈ ڈائریکٹر سوکرن سنگھ نے کہا کہ یہ شراکت داری ہندوستان کی ایرو اسپیس سفر میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ہندوستان کی ایک جدید اور مضبوط ایرو اسپیس مینوفیکچرنگ ماحولیاتی نظام قائم کرنے میں کی گئی نمایاں پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستان اب عالمی پلیٹ فارمز کی حمایت کر سکتا ہے۔
یہ معاہدہ ہندوستان کی دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو مستحکم کرنے اور میک ان انڈیا اور آتم نربھرتا کے اقدامات کو فروغ دینے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔