یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ مهدی المشاط نے غاصب صیہونی آباد کاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت جلد انتقام لیں گے۔ قابض اسرائیلی حکومت کے سنگین جرائم کے باعث سخت ایام تمہارے منتظر ہیں۔ اب بھی وقت ہے کہ واپس اپنے اپنے ملکوں کو لوٹ جاو۔ انہوں نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعاون سے گریز کریں۔ مہدی المشاط نے اسرائیل میں موجود تمام انٹرنیشنل کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ اس مقبوضہ سرزمین کو جلد از جلد ترک کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام کے پاکیزہ خون نے عالمی استعمار کو جھکنے پر مجبور کر دیا تو یہ چھوٹی سی رژیم تو کوئی چیز ہی نہیں۔ یمنی شخصیات کا لہو، عارضی صیہونی رژیم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گا۔ انہوں نے صیہونیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈٹ کر تمہارا مقابلہ کریں گے اور آج کے بعد تمہیں کہیں چین نصیب نہیں ہو گا۔
یمن کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ نے غزہ کی پٹی کے عوام سے کہا کہ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ جب تک غزہ کا محاصرہ ختم اور اسرائیل کی جارحیت بند نہیں ہو جاتی اس وقت تک ہماری حمایتی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے یمنی عوام کو اس بات کا یقین دلایا کہ ہماری مسلح افواج بہت مضبوط ہیں اور یہ جو کچھ بھی ہوا وہ محض ایک بُرا اتفاق تھا۔ یاد رہے کہ یمن کی مزاحمتی تنظیم "انصاراللّٰہ" نے اسرائیلی حملے میں وزیراعظم "احمد غالب" کی شہادت کی تصدیق کر دی۔ واضح رہے كہ جمعرات کو ہونے والے اسرائیلی حملوں میں انصاراللّٰہ کے کئی حکومتی وزراء جاں بحق ہوگئے۔ اسرائیلی حملوں کے وقت حکومتی کابینہ کا اجلاس ہو رہا تھا۔ اس حملے میں صیہونی فوج نے حوثی اکثریتی جماعت انصاراللّٰہ کے متعدد رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔