یمن فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا کہ یمنی فوج نے مقبوضہ یافا (تل ابیب) میں واقع بن گوریان ایئرپورٹ کو ذوالفقار بیلسٹک میزائل سے کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی اور امریکی دفاعی نظام اس میزائل کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ نتیجتاً لاکھوں صہیونی شہری افراتفری کے عالم میں پناہ گاہوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے اور ایئرپورٹ کی تمام سرگرمیاں بند ہوگئیں۔
یمنی افواج نے واضح کیا کہ یہ کامیاب آپریشن غزہ میں فلسطینی عوام اور مجاہدین پر ڈھائے گئے مظالم کے جواب میں اور یمن کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر ابتدائی ردعمل کے طور پر انجام دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بعض عرب اور اسلامی حکومتوں کے ذلت آمیز موقف نے اسرائیل کو اپنے مجرمانہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کا حوصلہ دیا ہے۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی وجہ سے امت مسلمہ کا دینی اور انسانی وظیفہ ہے کہ اپنی خاموشی کو ختم کرکے توانائی کے مطابق فلسطینیوں کی مدد کرے۔
جنرل یحیی سریع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یمن، غزہ کی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک اسرائیلی جارحیت ختم نہیں ہوجاتی اور محاصرہ نہیں ہٹایا جاتا۔