این ڈی اے کی پہچان ترقی سے، راجد-کانگریس کی پہچان تباہی سے: وزیر اعظم مودی
23
M.U.H
03/11/2025
سہرسہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے بہار کے سہرسہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس پر زبردست حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کی پہچان ترقی سے ہے، جبکہ راجد اور کانگریس کی پہچان صرف اور صرف تباہی سے جڑی ہے۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ یہ جماعتیں نہ تو ترقی میں یقین رکھتی ہیں اور نہ عوامی مفاد کے کسی منصوبے میں۔ وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر میں کوسی مہاسیتو ریل پل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس پل کا سنگ بنیاد 2003 میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے رکھا تھا، لیکن 2004 میں دہلی میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد، جو راجد کے سہارے چل رہی تھی، اس منصوبے کو روک دیا گیا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ 2005 میں نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں نئی حکومت بنی اور عوام نے راجد کو اقتدار سے بے دخل کر دیا۔ ’’اسی ناکامی کا بدلہ لینے کے لیے راجد کے لوگوں نے دہلی میں بیٹھ کر بہار کے عوام سے انتقام لینا شروع کیا۔ منموہن سنگھ اور سونیا گاندھی کے ساتھ بیٹھ کر بہار کے ترقیاتی منصوبوں پر تالا لگا دیا گیا‘‘۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ راجد اور کانگریس کی اس سیاستِ انتقام کا خمیازہ بہار کے عوام نے برسوں تک بھگتا۔ ’’کوسی اور متھلانچل کے لوگوں کو ایک طرف سے دوسری طرف جانے کے لیے کبھی 300 کلومیٹر کا چکر لگانا پڑتا تھا۔ آج وہ فاصلہ 30 کلومیٹر سے بھی کم رہ گیا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’2014 میں جب مجھے ملک کی خدمت کا موقع ملا تو میں نے کوسی مہاسیتو کی فائل دوبارہ منگوا کر تیزی سے کام شروع کرایا۔ آخرکار 2020 میں این ڈی اے حکومت نے بہار کو یہ پل تحفے میں دیا۔ آج کوسی ندی پر کئی پل اور سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں‘‘۔ سہرسہ کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ’’جنہوں نے بہار کے عوام کے ساتھ ظلم کیا، انہیں سزا ملنی چاہیے۔ اس بار بہار کی عوام انہیں ووٹ کے ذریعے سزا دیں‘‘۔
انہوں نے این ڈی اے امیدواروں کے حق میں ووٹ مانگتے ہوئے کہا کہ ’’پہلے مرحلے کی ووٹنگ میں اب صرف دو دن باقی ہیں۔ 6 نومبر کی صبح سہرسہ اور مدھے پورہ کے عوام ووٹ ڈالیں گے۔ آپ کا ووٹ ایسی حکومت کے لیے ہونا چاہیے جو بہار کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے‘‘۔