نئی دہلی:وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ایل وی ایم3-ایم6 (ایل وی ایم3-M6) کی کامیاب لانچ پر خوشی کا اظہار کیا، جس کے ذریعے بلیو برڈ بلاک-2 سیٹلائٹ کو اس کے مقررہ مدار میں کامیابی سے پہنچایا گیا۔ انہوں نے اسے ہندوستان کے خلائی سفر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیرِ اعظم مودی نے اسرو کے سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ’’آتم نربھر ہندوستان‘‘ کی جانب ملک کی پیش رفت اور خلائی دنیا میں اس کے مسلسل ابھار پر زور دیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے لکھا کہ ہندوستان کے خلائی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت… ایل وی ایم3-ایم6 کی کامیاب لانچ، جس کے تحت امریکی خلائی جہاز بلیو برڈ بلاک-2 — جو اب تک ہندوستانی سرزمین سے لانچ کیا گیا سب سے بھاری سیٹلائٹ ہے کو اس کے مقررہ مدار میں پہنچایا گیا، ہندوستان کے خلائی سفر میں ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے
انہوں نے اسے ہندوستان کے خلائی شعبے کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس مشن کے ذریعے اب تک کا سب سے بھاری سیٹلائٹ مدار میں پہنچایا گیا ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ یہ ہندوستان کی ہیوی لفٹ لانچ صلاحیت کو مضبوط کرتا ہے اور عالمی تجارتی لانچ مارکیٹ میں ہمارے بڑھتے ہوئے کردار کو مزید مستحکم کرتا ہے۔ یہ آتم نربھر ہندوستان کی جانب ہماری کوششوں کی بھی عکاسی ہے۔ ہمارے محنتی خلائی سائنس دانوں اور انجینئروں کو مبارکباد۔ خلاء کی دنیا میں ہندوستان مسلسل بلندیاں چھو رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ایل وی ایم3 راکٹ کی قابلِ اعتماد کارکردگی کو بھی سراہا، جو مستقبل کے مشنز جیسے گگن یان، تجارتی لانچز کے فروغ اور عالمی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صلاحیت اور خود کفالت میں یہ اضافہ آنے والی نسلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
ایک اور پوسٹ میں وزیرِ اعظم نے لکھا کہ ہندوستانی نوجوانوں کی طاقت سے ہمارا خلائی پروگرام مزید جدید اور مؤثر ہو رہا ہے۔ ایل وی ایم3 کی قابلِ اعتماد ہیوی لفٹ کارکردگی کے ساتھ ہم گگن یان جیسے مستقبل کے مشنز، تجارتی لانچ خدمات کے فروغ اور عالمی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔ صلاحیت میں یہ اضافہ اور خود کفالت کو ملنے والا فروغ آنے والی نسلوں کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ ہندوستانی خلائی تحقیقاتی تنظیم (اسرو) نے آج صبح امریکہ کی اے ایس ٹی اسپیس موبائل کے بلیو برڈ بلاک-2 کمیونیکیشن سیٹلائٹ کو کامیابی سے لانچ کیا۔ سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچا دیا گیا اور مشن کو کامیاب قرار دیا گیا۔
یہ لانچ آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھون اسپیس اسٹیشن سے صبح 8:55 بجے (آئی ایس ٹی) انجام دیا گیا۔ یہ مشن اگلی نسل کے کمیونیکیشن سیٹلائٹ کو تعینات کرے گا، جو دنیا بھر میں اسمارٹ فونز کو براہِ راست تیز رفتار سیلولر براڈ بینڈ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔