جزائر غرب الہند میں امریکی جارحیت، مزید تین کشتیاں تباہ
46
M.U.H
01/01/2026
جزائر غرب الہند میں کشتیوں پر امریکی فوج کے تازہ حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔
امریکہ نے جزائر غرب الہند میں ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے تین چھوٹی کشتیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ کشتیاں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھیں۔
امریکی جنوبی کمانڈ نے بین الاقوامی پانیوں میں کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ منشیات اسمگل کرنے والی تین کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج نے ہلاک ہونے والے افراد کو منشیات اسمگلر قرار دے کر حملے کا جواز پیش کیا۔
امریکی فوج نے حالیہ مہینوں میں لاطینی امریکہ کے ساحلی علاقوں میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کی آڑ میں درجنوں کشتیوں کو تباہ کیا ہے، جن کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان امریکی کارروائیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ماورائے عدالت قتل اور جنگی جرائم قرار دیا ہے اور عالمی سطح پر ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔