جوابدہی کا مطالبہ کریں، ورنہ یہ گندگی ہر دروازے تک پہنچ جائے گی، دہلی کے سیوریج اوور فلو پر راہل گاندھی کا شدید ردعمل
27
M.U.H
21/01/2026
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کے روز قومی دارالحکومت دہلی میں انتظامی ناکامیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے شدید سیوریج اوور فلو کے باعث مبارک پور ڈاباس کے شرما انکلیو علاقے میں پانی بھر جانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ’’لالچ کی وبا‘‘ پھیل چکی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج ایک عام ہندوستانی کی زندگی بھی اسی طرح عذاب بن چکی ہے جیسی صورتحال دہلی کے اس علاقے میں دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ نظام اقتدار میں بیٹھے لوگوں کے ہاتھ فروخت ہو چکا ہے اور عوام کو کچلا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر سخت پیغام
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے لکھا: ’’ہر کوئی ایک دوسرے کی پیٹھ تھپتھپا رہا ہے اور مل کر عوام کو روند رہا ہے۔ ملک بھر میں لالچ کی ایک وبا پھیل چکی ہے، جس کی سب سے بھیانک شکل شہروں کی بربادی ہے۔ ہمارا سماج اس لیے مر رہا ہے کہ ہم نے اس گندگی کو ’نیا معمول‘ مان لیا ہے بے حس، خاموش اور لاتعلق۔ جوابدہی کا مطالبہ کریں، ورنہ یہ گندگی ہر دروازے تک پہنچ جائے گی۔‘‘
شرما انکلیو میں سیوریج کا قہر
راہل گاندھی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ایک مقامی صحافی شرما انکلیو کے بڑے حصے میں سیوریج کے پانی سے بھری سڑکوں اور گلیوں کی حالت دکھاتا نظر آتا ہے۔ ویڈیو میں مقامی باشندے خود حالات سے نمٹتے دکھائی دیتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ گزشتہ 6 سے 8 ماہ میں صورتحال مزید بدتر ہو چکی ہے۔ ویڈیو میں مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ گلیوں میں پانی بھرنے کے باعث آمدورفت مشکل ہو چکی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا۔ مکینوں نے انتظامیہ سے فوری مدد اور نکاسی آب و صفائی کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کا دورہ
ادھر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی (ڈی پی سی سی) کے صدر دیویندر یادو نے کراری اسمبلی حلقہ کا دورہ کیا، جہاں شدید آبی جماؤ نے عوام کی روزمرہ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کر کے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔