’’چین تمہیں زندہ کھا جائے گا…‘‘: ٹرمپ کی کینیڈا کو دھمکی
34
M.U.H
25/01/2026
چین کے معاملے پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو سخت دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ اگر گورنر کارنی یہ سمجھتے ہیں کہ وہ کینیڈا کو چین کے لیے ایک ’’ڈراپ آف پورٹ‘‘ بنا دیں گے، جہاں سے چین اپنا سامان امریکہ میں ڈمپ کرے گا، تو وہ شدید غلط فہمی میں ہیں۔
چین کینیڈا کو ’’زندہ کھا جائے گا‘‘
ٹرمپ نے مزید کہا کہ چین کینیڈا کو ’’زندہ کھا جائے گا‘‘ اور اسے مکمل طور پر نگل لے گا۔ ان کے مطابق اس کے نتیجے میں کینیڈا کے کاروبار، سماجی تانے بانے اور طرزِ زندگی کو شدید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کینیڈا چین کے ساتھ کسی بھی قسم کا معاہدہ کرتا ہے تو امریکہ آنے والی تمام کینیڈین مصنوعات پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف نافذ کر دے گا۔اس سے قبل ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر بھی کینیڈا پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ کینیڈا گرین لینڈ سے متعلق مجوزہ گولڈن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کی مخالفت کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب وہ چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا راستہ اختیار کر رہا ہے۔
گولڈن ڈوم کے خلاف ہے کینیڈا: ٹرمپ
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کینیڈا گرین لینڈ کے اوپر مجوزہ گولڈن ڈوم فیصلے کے خلاف ہے، حالانکہ یہ دفاعی نظام کینیڈا کی سلامتی کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔ اس کے باوجود کینیڈا نے چین کے ساتھ تجارت کے حق میں ووٹ دیا، جو ان کے بقول پہلے ہی سال میں کینیڈا کو ہڑپ کر لے گا۔قابلِ ذکر ہے کہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے حال ہی میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا، جہاں چین کے ساتھ کینیڈین زرعی مصنوعات پر محصولات میں کمی اور چینی الیکٹرک گاڑیوں کو کوٹا سسٹم کے تحت کینیڈین مارکیٹ میں داخلے پر اتفاق ہوا۔ مارک کارنی نے اسے چین کے ساتھ کینیڈا کی تجارت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔