لکھنؤ :سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے جمعہ کو الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ووٹرلسٹ میں ہیرا پھیری کرنا چاہتی ہے اور ایس آئی آر کا عمل این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز) جیسا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کی جدوجہد جاری ہے اور سماج وادی پارٹی کے قائدین و کارکنوں کو پوری طرح محتاط رہنا ہوگا۔ اکھلیش یادو نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ووٹر لسٹ اوراسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ووٹر لسٹ میں چار کروڑ ووٹوں کا فرق ہے ، اب یہ واضح کیا جانا چاہیے کہ کون سی فہرست درست ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے ریاستی دفتر میں ریاست کے مختلف اضلاع سے آئے بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 2027 کے اسمبلی انتخابات کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی طرح پوری قوت سے لڑیں۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک ٹولی ہے ، جو صنعت کاروں اور ریٹائرڈ افسران کے گٹھ جوڑ میں تبدیل ہو چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے تمام وسائل پر قبضہ جما لیا ہے اوربی جے پی عوام کے حقوق کو لوٹ رہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کو عوام کی حمایت حاصل ہے اور لوگ پارٹی پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اس اعتماد کو برقرار رکھنا ضروری ہے اور جب سماج وادی پارٹی کی حکومت بنے گی تو اسے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہوگا۔ اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ سماج وادی پارٹی پی ڈی اے (پچھڑا، دلت، اقلیت) تحریک کو مضبوط کرنے اور سماجی انصاف کے قیام کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سماجی انصاف کے ایجنڈے سے بی جے پی بوکھلا گئی ہے ، اسی لیے وہ سازشیں کرنے پر آمادہ ہے ۔