ایرانی پارلیمنٹ نے یورپی ممالک کی افواج کو "دہشتگرد گروہ" قرار دیدیا
10
M.U.H
02/02/2026
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا ردعمل ہے، پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ارکان نے پاسداران انقلاب سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر پاسداران کی سبز وردیاں پہن رکھی تھیں۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اراکین نے اجلاس میں "امریکا مردہ باد"، "اسرائیل مردہ باد" اور "یورپ شرم کرو" کے نعرے لگائے۔ یورپی یونین کے فیصلے کو "غیر ذمہ دارانہ اقدام" قرار دیتے ہوئے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ "پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے خلاف جوابی اقدامات سے متعلق قانون کے آرٹیکل 7 کے تحت یورپی ممالک کی افواج کو دہشت گرد گروہ تصور کیا جائے گا۔"
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس فیصلے کے فوری طور پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، یہ قانون پہلی مرتبہ 2019ء میں منظور کیا گیا تھا، جب امریکا نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ محمد باقر قالیباف نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی یورپی ممالک کے فوجی اتاشیوں کو ملک بدر کرنے کے معاملے پر غور کرے گی اور اس سلسلے میں وزارتِ خارجہ سے رابطہ کیا جائے گا۔