تہران :اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غزہ میں انجام دیئے گئے وحشیانہ ترین جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے بارے میں بین الاقوامی عدالت کے احکام کو غیر معتبر کرنے کی کوششوں کی سخت مذمت کی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ عدالتی احکام اور قوانین کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔
اسماعیل بقائی نے ان مذموم کوششوں پر ردعمل میں ایکس پر لکھا ہے کہ " یہ اکیسویں صدی کا بین الاقوامی نظام ہے یا مغربی حیوانیت کا دور؟ جس میں ایک خودساختہ تھانیدار اٹھتا تھا، ایک فرمان جاری کرتا تھا اور پھر خود ہی مدعی ہوتا تھا، خود ہی جج بن کر احکام صادر کرتا تھا اور خود ہی ان احکام پر عمل درآمد کرتا تھا۔
انھوں نے لکھا ہے کہ جب ایک باصلاحیت بین الاقوامی عدالتی ادارے نے غزہ میں انجام پانے والے جرائم کا مقدمہ چلایا، سماعت کی اور مجرمین کی گرفتاری کے احکام صادر کردیئے تو ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے نہ قانون بدلا جاسکتا ہے اور نہ ہی صادر ہونے والے عدالتی احکام منسوخ کئے جاسکتے ہیں۔